پاکستانی فلم نے جیکسن وائلڈ میڈیا ایوارڈز میں تاریخ رقم کردی

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) موکلانی دی لاسٹ موہاناز نے جیکسن وائلڈمیڈیا ایوارڈ میں ایوارڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی فلم کے طور پر تاریخ رقم کر دی ہے ۔ہفتہ کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یہ فلم منچھر جھیل کے موہانوں کی کہانی بیان کرتی ہےجو ایک مقامی ماہی گیر برادری ہےجن کا صدیوں پر محیط طرزِ زندگی تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایوارڈ یافتہ فلم ساز جواد شریف کی ہدایت کاری اور پروڈکشن میں تیار کی گئی ’’موکلانی‘‘ کو 500 سے زائد اندراجات میں سے منتخب کیا گیا، جو اس سال کی ریکارڈ تعداد ہے۔جواد شریف فلمز کی جانب سے نیشنل جیوگرافک سوسائٹی اور کلائمیٹ کہانی کی معاونت سے تیار کی گئی یہ فلم نہ صرف بصری طور پر دلکش ہے بلکہ ایک ایسی برادری کی گہری انسانی داستان بھی پیش کرتی ہے جو ثقافتی فنا کے دہانے پر کھڑی ہے۔ ان کی جدوجہد پاکستان کو درپیش بڑے ماحولیاتی بحران کی عکاس ہے۔