کسی دوسرے کے کام کا کریڈٹ لیں گے نہ کسی کو اپنے کام کا کریڈٹ لینے دینگے،ہمایوں اختر خان

اتوار 5 اکتوبر 2025 15:50

مکو آ نہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عوام کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کر رہے ہیں، نیت صاف ہو تو عہدوں کی ضرورت نہیں ہوتی،ہم ہرگز کسی دوسرے کے کام کا کریڈٹ نہیں لیں گے ، کسی کو اپنے کام کا کریڈٹ لینے بھی نہیں دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97کے علاقہ چک نمبر 551 بازار والا،چک نمبر 541 گ ب میںسردارے کے ترھانہ میں بجلی کے وولٹیج کے دیرینہ مسئلہ کے حل کیلئے 100KV کے نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب،چک نمبر507گ ب میں بجلی کے کھمبوں اور بجلی کی تاروں کے دیرینہ مسئلہ کے حل ہونے کی خوشی میں منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عوام کی پسماندگی دور کرنے اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے جس کے پاس بھی جانا پڑا تو کوئی عار محسوس نہیں کریں گے کیونکہ ہمارے پیش نظر صرف عوام کی فلاح و بہبود اور حلقے کی تعمیر و ترقی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ این ای97خصوصاً ماموں کانجن کے علاقوںمیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی بڑا مسئلہ ہے، ہم ہر طرف نظر دوڑا رہے ہیں کہ کہاں سے اور کس طرح عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکتی ہے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے غیر ملکی معاونت بارے آگاہی حاصل ہوئی ہے،جدوجہد جاری ہے اگر اللہ تعالیٰ کی مدد سے ہم یہ منصوبہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو حلقے کی عوام کے لئے 90فلٹریشن پلانٹس لگیں گے۔