چیئرمین زکوٰۃ عشر کونسل پنجاب کی زیرِ صدارت چک 120 جنوبی اور سلانوالی میں کھلی کچہریوں کا انعقاد

اتوار 5 اکتوبر 2025 16:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) چیئرمین زکوٰۃ و عشر کونسل پنجاب و ممبر صوبائی اسمبلی رانا منور غوث خاں نے اتوار کے روز چک نمبری 120 جنوبی اور سرگودھا کی نواحی تحصیل سلانوالی میں اپنے آفس میں عوام سے براہ راست رابطہ رکھنے اور اُن کی شکایات کے ازالے کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔ ان کھلی کچہریوں میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مختلف شہری اور سماجی مسائل کے حوالے سے تحریری درخواستیں جمع کرائیں۔

کھلی کچہری کے دوران رانا منور غوث خان نے لوگوں کے مسائل سنے اور اُن کی شکایات کے جلد ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے ۔ اُنہوں نے عوامی شکایات کے بروقت حل اور شفاف طریقے سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین زکوٰ ۃ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی متحرک قیادت میں صوبائی حکومت ایک خوشحال اور عوام دوست پنجاب کی تعمیر کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سلانوالی اور حلقہ بھر میں متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جن میں سے اکثر مکمل ہو چکے ہیں جو کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کی لگن کی عکاسی کرتے ہیں۔ رانا منور غوث خان نے روشنی ڈالی کہ ان کے سیاسی سفر کا بنیادی مقصد خلوص اور لگن کے ساتھ عوام کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ہمارے لیے صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک ذُمہ داری ہے جسے پورا کرنے کے لیے ہم پرعزم ہیں۔ انہوں نے حاضرین کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ان کی شکایات کو انتہائی سنجیدگی سے سنا جائے گا اور ان کا ازالہ کیا جائے گا۔