۶چوتھا چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 2025 لاہور میں اختتام پذیر‘ پاکستان نیوی نے ٹائٹل جیت لیا

اتوار 5 اکتوبر 2025 17:40

…اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اکتوبر2025ء) چوتھا چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 2025 لاہور میں اختتام پذیر پاکستان نیوی نے ٹائٹل جیت لیا چوتھا چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 2025 لاہور میں اختتام پذیر ہوا۔ فائنل میچ پاکستان نیوی اور ماڑی انرجیز کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان نیوی 6-5 سے فاتح قرار پائی، جبکہ ماڑی انرجیز اور پاکستان ایئر فورس نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ایک شاندار اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ایڈمرل نوید اشرف نے فاتح ٹیم کو مبارکباد دی اور ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد پر کمانڈر سنٹرل پنجاب، پنجاب اسپورٹس بورڈ، پاکستان ہاکی فیڈریشن، مختلف اسپانسرز اور میڈیا کی خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ٹورنامنٹ قومی کھیل ہاکی میں عوامی دلچسپی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا اور سرکاری و نجی اداروں سے اس کھیل کے فروغ کے لیے مزید کاوشیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔مہمانِ خصوصی نے جیتنے والی ٹیم اور نمایاں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ پاک بحریہ کے زکریا حیات کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ ماڑی انرجیز کے احمد ندیم اور عبداللہ اشتیاق کو بالترتیب بہترین اسکورر اور بہترین گول کیپر کے اعزاز سے نوازا گیا۔

یہ دس روزہ ٹورنامنٹ 25 ستمبر تا 04 اکتوبر 2025 تک نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ ان میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ایئر فورس، م ماڑی انرجیز ، رینجرز، پولیس، پورٹ قاسم اتھارٹی اور نیشنل بینک آف پاکستان شامل تھیں۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد قومی کھیل ہاکی کے فروغ کو یقینی بنانا تھا، جو گزشتہ دو دہائیوں سے زوال کا شکار ہے۔میچز دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں سول و فوجی اعلی شخصیات، سابق اولمپینز، طلبہ اور شائقینِ ہاکی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔