Live Updates

عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کے وفد کی سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جان محمد خان جمالی سے ملاقات

اتوار 5 اکتوبر 2025 17:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ اور بزرگ سیاسی رہنما میر جان محمد خان جمالی سے اساتذہ کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں اساتذہ نے تعلیمی شعبے کو درپیش چیلنجز، اساتذہ کے مسائل، مراعات کی کمی، تربیت کی ضرورت اور تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

میر جان محمد جمالی نے اس موقع پر کہا کہ استاد معاشرے کا معمار ہوتا ہے۔ ایک باشعور، تعلیم یافتہ اور بااخلاق معاشرے کی بنیاد استاد ہی رکھتا ہے۔ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں تعلیم کے فروغ کے لیے اساتذہ نے جو خدمات انجام دی ہیں وہ قابلِ تحسین اور لائقِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو صرف تعلیمی اداروں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ پالیسی سازی میں بھی ان کی آراءکو شامل کیا جانا چاہیے تاکہ نظام تعلیم بہتر انداز میں آگے بڑھ سکے۔

(جاری ہے)

اساتذہ کے وفد نے اس موقع پر اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے، تربیتی ورکشاپس اور جدید تدریسی سہولیات فراہم کی جائیں اور دور دراز علاقوں میں تعینات اساتذہ کو خصوصی مراعات دی جائیں۔میر جان محمد جمالی نے وفد کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ اساتذہ کے مسائل اعلیٰ سطح پر ا جاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ یوم اساتذہ کو رسمی تقریب تک محدود نہ رکھا جائے، بلکہ مستقل بنیادوں پر تعلیمی اصلاحات اور اساتذہ کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔آخر میں انہوں نے تمام اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا میں بلوچستان کے ہر استاد کو یومِ اساتذہ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ کی محنت ہی اس صوبے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ قوم آپ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات