خیبر پختونخوا کے وزیربرائے پبلک کا بنوں پریس کلب میں منعقدہ بنوں قومی امن جرگہ کے مطالبات کی مکمل حمایت کااعلان

اتوار 5 اکتوبر 2025 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)خیبر پختونخوا کے وزیربرائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے بنوں پریس کلب میں منعقدہ بنوں قومی امن جرگہ کے مطالبات کی مکمل حمایت اور تائید کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بنوں کے عوام کی ترقی,خوشحالی اور امن و امان کے قیام کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان وقت کی اہم ضرورت ہے ہم سب کو سیاسی وابستگیوں اور رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا بند سڑکوں کو کھولنے، پانچ واپڈا ملازمین کی باعزت بازیابی اور دیگر تمام مطالبات کے حل کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت بنوں کے عوام کی تعمیر و ترقی اور امن کی بحالی کیلئے کوشاں ہے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھایا گیا ہر قدم عوامی امنگوں کا عکاس ہے ،ہم قوم کی خدمت اور بہتری کی جدوجہد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

(جاری ہے)

اپنی قوم کو امن کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے فلور پر قوم کیلئے امن کی آواز بلند کرنے سے پہلے بھی خوفزدہ نہیں تھا اب بھی نہیں ہوں گا۔

بلا خوف و جھجک قوم کی نمائندگی اور ترجمانی کرتا آیا ہوں اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا بنوں ڈویژن سمیت پورے صوبے میں امن کے قیام کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی کیونکہ امن ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہم نے قوم کی ترجمانی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اگر امن و امان کی فضا قائم نہ ہو تو ترقیاتی منصوبوں کا کوئی فائدہ نہیں، سب سے پہلا فریضہ امن کا قیام ہے کیونکہ جب امن ہوگا تو خوشحالی خود بخود آئے گی ۔آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم سب اتحاد و اتفاق کی فضا کو بحال کریں گے تاکہ ہر جانب امن کے سفید جھنڈے لہراتے دکھائی دیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت ایک دوسرے پر تنقید کرنے کا نہیں بلکہ اتفاق، اتحاد اور تعمیری سوچ اپنانے کا ہے ۔