امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شکاگو میں فوج تعینات کرنے کی منظوری دی

صدر ٹرمپ امریکی شہروں میں پھیلتی ہوئی لاقانونیت پر خاموش نہیں رہیں گے

اتوار 5 اکتوبر 2025 21:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک وفاقی اہلکار کی جانب سے مبینہ طور پر مسلح ڈرائیور کو گولی مارنے کے بعد شکاگو میں فوجی دستے تعینات کرنے کی اجازت دے دی، جبکہ عدالت نے پورٹ لینڈ میں فوج بھیجنے کی کوشش کو روک دیا۔عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بڑھتے ہوئے بحران میں، ٹرمپ کی جرائم اور ہجرت کے خلاف بڑھتی ہوئی عسکری مہم کا سامنا اپوزیشن ڈیموکریٹس سے ہے جو انہیں آمریت پسند طاقت کے استعمال کا الزام دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاؤس کی ترجمان ایبیگیل جیکسن نے ایک بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ نے وفاقی افسران اور اثاثوں کے تحفظ کیلئے 300 نیشنل گارڈز مین کو تعینات کرنے کی منظوری دی ہے،یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب ریپبلکنز کئی ہفتوں سے مقامی رہنماؤں کی مخالفت کے باوجود مڈویسٹرن شہر شکاگو میں فوجی بھیجنے کی دھمکیاں دے رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ صدر ٹرمپ امریکی شہروں میں پھیلتی ہوئی لاقانونیت پر خاموش نہیں رہیں گے۔الینوئے کے سینیٹر ڈِک ڈربن نے اس فیصلے کو ہماری قومی تاریخ کا شرمناک باب’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر کا مقصد جرائم سے لڑنا نہیں بلکہ خوف پھیلانا ہے۔