محکمہ تعلیم پنجاب کے زیر اہتمام ہیرو اساتذہ ایوارڈ تقریب، 105 قابل فخر اساتذہ کو اعزازات سے نوازا گیا

اتوار 5 اکتوبر 2025 22:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) محکمہ تعلیم پنجاب کے زیر اہتمام ہیرو اساتذہ ایوارڈ تقریب گورنمنٹ مسلم ہائر سیکنڈری سکول راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں مجموعی طور پر 105 قابل فخر اساتذہ کو ان کی شاندار تعلیمی خدمات اور نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔ تقریب کی مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان تھیں جبکہ سی ای او ایجوکیشن طارق محمود، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ، طلبہ اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شازیہ رضوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں جو نئی نسل کو علم، شعور اور کردار کی روشنی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی قوموں کی ترقی و استحکام کی بنیاد ہے اور حکومت پنجاب اساتذہ کے وقار میں اضافے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ایسے ایوارڈ پروگرام نہ صرف بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ دیگر اساتذہ کو بھی مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

سی ای او ایجوکیشن طارق محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے اساتذہ کی خدمات کا اعتراف ایک خوش آئند اور مثبت قدم ہے۔ اساتذہ ہی وہ رہنما قوت ہیں جو آنے والی نسلوں کی سمت درست متعین کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی اور دیگر معزز شرکا نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ میں ہیرو اساتذہ ایوارڈز تقسیم کیلئے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :