یورپی ویمنز چیمپئنز لیگ کا آغاز، آرسنل اور لیون کے درمیان بڑا میچ 7اکتوبر کو کھیلا جائے گا

پیر 6 اکتوبر 2025 09:00

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) خواتین کی چیمپئنز لیگ 2025-26 کا نیا اور جدید فارمیٹ کا آغاز (کل )منگل سے ہوگا، جس کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن آرسنل اور 8 مرتبہ کی فاتح لیون کے درمیان لندن کے میڈو پارک سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔اے ایف پی کے مطابق یورپی ویمنز چیمپئنز لیگ میں اس مرتبہ ایک نمایاں تبدیلی کی گئی ہے۔

سابقہ 16 ٹیموں پر مشتمل گروپ سٹیج کو ختم کر کے اب ایک 18 ٹیموں پر مشتمل لیگ مرحلہ متعارف کرایا گیا ہے۔ ہر ٹیم 6 میچز کھیلے گی، جن میں تین ،تین میچز ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے ۔ٹاپ 4 ٹیمیں براہ راست کوارٹر فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کریں گی جبکہ پانچویں سے بارہویں نمبر تک کی ٹیمیں پلے آف ناک آؤٹ راؤنڈ میں شرکت کریں گی۔

(جاری ہے)

آرسنل کے لیے یہ میچ آسان نہیں ہوگا کیونکہ اُن کی حالیہ فارم متاثرکن نہیں رہی۔ گزشتہ تین ویمنز سپر لیگ میچز میں وہ کامیابی حاصل نہیں کر سکیں، جن میں مانچسٹر سٹی سے 2-3 کی شکست بھی شامل ہے۔ آرسنل کی کپتان لیا ولیمسن کی غیر موجودگی سے دفاعی لائن بھی کمزور دکھائی دے رہی ہے۔ ٹیم کی کوچ رینی سلگرس نے مانچسٹر سٹی کے خلاف شکست کے بعد کہا کہ ٹیم کو موقعوں سے فائدہ اٹھانے اور مشکل وقت میں خود کو سنبھالنے کی ضرورت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وہ لیون کے خلاف میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔دوسری طرف لیون شاندار فارم میں ہے۔ فرانسیسی لیگ میں اب تک اپنے تمام میچز جیت چکی ہے اور مجموعی طور پر 19 گول کر چکی ہے۔ اُن کی حالیہ کارکردگی انہیں آرسنل کے لیے ایک خطرناک حریف ثابت کرتی ہے۔ گزشتہ سیزن کے سیمی فائنل میں آرسنل نے لیون کو شکست دی تھی، لیکن اس بار دباؤ اور صورتحال مختلف ہے۔ مداحوں کی نظریں اس بڑے مقابلے پر جمی ہوئی ہیں، اور یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ چیمپئنز لیگ کے اس نئے انداز میں کون سی ٹیم آغاز میں برتری حاصل کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :