سلمان علی آغا 2022ء سے اب تک کامیاب ترین لوئر مڈل آرڈر ٹیسٹ بیٹر بن گئے

31 سالہ سلمان علی آغا اب تک اپنے کیریئر میں 22 میچز میں 40.26 کی اوسط سے 1369 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 3 سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 12 اکتوبر 2025 19:24

سلمان علی آغا 2022ء سے اب تک کامیاب ترین لوئر مڈل آرڈر ٹیسٹ بیٹر بن گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 اکتوبر 2025ء ) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سلمان علی آغا 2022ء سے اب تک کامیاب ترین لوئر مڈل آرڈر ٹیسٹ بیٹر بن گئے۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے دن کے اختتام پر پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنا لیے ۔
پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔

 
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن عبداللہ شفیق صرف 2 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 
پاکستان کی دوسری وکٹ 163 رنز پر گر گئی جب شان مسعود 76 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، امام الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، سعود شکیل بھی بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے۔

(جاری ہے)

 

199 کے مجموعی اسکور پر امام الحق بھی 93 رنز بنا کر ہمت ہار گئے۔

اگلی ہی گیند پر سعود شکیل بھی بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔
2 اوورز بعد 199 کے ہی اسکور پر بابر اعظم بھی آؤٹ ہوگئے انہوں نے 23 رنز بنائے۔ 
ان کے بعد محمد رضوان اور سلمان آغا نے 114 رنز کی شراکت قائم کی۔ رضوان 62 اور سلمان آغا 52 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ 
پاکستان نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنالیے ہیں۔

 
سلمان علی آغا کی اس نصف سنچری کے ساتھ وہ جولائی 2022ء میں سری لنکا کیخلاف اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد سے نمبر 7 یا اس سے نچلے نمبر پر سب سے زیادہ نصف سنچریاں سکور کرنے والے بیٹر بن گئے ہیں۔
31 سالہ سلمان علی آغا اب تک اپنے کیریئر میں 22 میچز میں 40.26 کی اوسط سے 1369 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 3 سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں، ان میں سے 12 ففٹی پلس سکورز انہوں نے نمبر 7 یا اس سے نیچے بیٹنگ کرتے ہوئے بنائے ہیں جو ان کے ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد سے ایک ریکارڈ ہے۔
آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بیٹر ایلکس کیری اس دورانیے میں 9 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ دوسرے جب کہ بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز 7 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔