لوگ کہتے تھے تم جاپانی اورکورینزکو نہیں ہرا سکتے، ٹیکن چیمپئن ارسلان

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 22:48

لوگ کہتے تھے تم جاپانی اورکورینزکو نہیں ہرا سکتے، ٹیکن چیمپئن ارسلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) پاکستان کے ای اسپورٹس چیمپئن ارسلان نے کہاہے کہ لوگ کہتے تھے تم جاپانی اور کورینز کو نہیں ہرا سکتے۔ ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ارسلان ایش نے بتایاکہ میں گیمنگ کے حوالے سے گھر والوں کو نہیں سمجھا سکا تھا، میرے لیے وہ لمحہ آج بھی ایموشنل ہے جب میں نے والدہ کو بولا کہ میں سی اے نہیں کرنا چاہتا اور گیمنگ پر باہر جانا چاہتا ہوں بس ایک بار یقین کرلیں میں کچھ کروں گا۔

انہوں نے کہاکہ والدہ کی آنکھوں میں نا امیدی تھی، وہ رونے لگیں تھیں کہ اس نے پڑھنا نہیں ہے اور یہ ہاتھ سے نکل گیا تاہم میں نے والدہ کو راضی کرلیا اور امید دلاتے ہوئے کہا کہ صرف ایک سال دیں اس کے بعد جو بولیں گی کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اس کے علاوہ میں اپنے بھائیوں اور روز ساتھ گیم کھیلنے والے دوستوں کو بھی اس حوالے سے آج تک نہیں سمجھا سکا، وہ کہتے تھے کہ تم جاپانی اور کورینز کو نہیں ہرا سکتے تاہم ہم میں اتنا ہی ٹیلنٹ ہے جتنا ان لوگوں میں ہے، اس پر آگاہی کی ضرورت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں کہا جو محنت کرتا ہے وہ کہیں بھی ہو آگے چلا جاتا ہے، جب تک میں جیتا نہیں، بھائی سمیت کسی کو نہیں سمجھا سکا اور اس کیلئے جیت ضروری تھی جو میرے لیے مشکل تھا۔ارسلان ایش نے کہاکہ گیم کھیلنے کا آغاز محلے کی دکان سے کیا، پھلوں کی دکان کے پیچھے گیمز رکھی ہوتی تھیں، اب وہ دکان نہیں ہے لیکن فروٹ کی دکان ہے جو ان کا بیٹا چلاتا ہے۔