سلطان آف جوہرہاکی کپ: پاکستان جونیئر ٹیم نے ملائیشیا کو بڑے مارجن سے ہرادیا

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 22:28

سلطان آف جوہرہاکی کپ: پاکستان جونیئر ٹیم نے ملائیشیا کو بڑے مارجن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) سلطان آف جوہر ہاکی کپ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار آغاز کرکے میزبان ملائیشیا پربرتری ثابت کردی، پاکستان نے افتتاحی میچ میں ملائیشیا کو دو کے مقابلے میں سات گول کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔تمان ڈایا ہاکی ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستان نے میزبان حریف کے خلاف ابتدا سے ہی جارحانہ حکمت عملی اپنائی۔

(جاری ہے)

پہلے کوارٹر میں سیفان خان نے گول کرکے ٹیم کی پوزیشن کومستحکم کیا، دوسرا گول احمد ندیم نے کیا جبکہ سیفان خان نے تیسرا گول کرکے ہاف ٹائم تک مقابلہ تین ایک کردیا۔ دوسرے ہاف میں ملائیشیا نے ایک گول کیا جبکہ پاکستان نے مزید چار گول کرکے سبقت حاصل کرلی۔تین گول کرکے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے سفیان خان کو مین آف دی میچ قراردیا گیا، احمد ندیم خان نے دو، حمزہ فیاض اور حنان شاہد نے ایک ایک گول کیا۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ اتوار کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا، پہلے روز کے ایک اور میچ میں بھارت نے دو کے مقابلے میں تین گول سے انگلینڈ کو ہرایا۔