اتھلیٹکس فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس،سلمان بٹ پر تاحیات اور حبیب شاہ پر دس سال کی پابندی عائد کر دی گئی

فیڈریشن کے تمام امور سختی سے آئین کے مطابق چلائے جائیں گے، کسی بھی قسم کی خلاف ورزی یا خود ساختہ اقدامات کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایگزیکٹو کمیٹی سلمان بٹ کو تاحیات پابندی کے خلاف اپیل کرنے کا حق حاصل ہے، جیسا کہ فیڈریشن کے آئین میں درج ہے،وجاہت ساہی

اتوار 12 اکتوبر 2025 18:25

اتھلیٹکس فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس،سلمان بٹ پر تاحیات اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر تاحیات اور حبیب شاہ پر دس سال کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس 10 اکتوبر 2025 کو منعقد ہوا جس کی صدارت اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر بریگیڈیئر (ر) وجاہت حسین نے کی جس میں اہم فیصلے کئے گئے جن کا مقصد فیڈریشن کے آئین پر مکمل عملدرآمد، شفافیت، اور تنظیمی نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔

اجلاس میں سابق عہدیدار سلمان بٹ پر تاحیات پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ پابندی انہیں کسی بھی حیثیت میں بطور کھلاڑی، کوچ، آفیشل یا عہدیدار قومی یا بین الاقوامی سطح پر اتھلیٹکس کی کسی سرگرمی میں شرکت سے مکمل طور پر روک دیتی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح، حبیب شاہ، سابق سیکرٹری پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن، پر 10 سال کی پابندی لگائی گئی ہے کہ وہ کسی بھی اتھلیٹکس سرگرمی میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔

ایگزیکٹو کمیٹی نے پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے 31 اگست 2025 کو منعقدہ انتخابات کو غیر قانونی، غیر آئینی اور کالعدم قرار دیا ہے۔ یہ انتخابات اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے آئین کی کھلی خلاف ورزی میں منعقد کئے گئے، جن میں محض دو دن قبل 29 اگست کو اعلان کر کے 31 اگست کو انتخابات کروائے گئے۔ فیڈریشن کے آئین کے مطابق کم از کم 21 روز قبل انتخابی اجلاس کا نوٹس جاری کرنا لازمی ہے، اور انتخابات سے 7 روز قبل امیدواروں کے نام جمع کرانے کی آخری تاریخ مقرر کی جاتی ہے۔

اس کے برعکس، ان انتخابات میں فیڈریشن کے واضح قواعد کو نظر انداز کیا گیا، یہاں تک کہ پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر کو بھی 30 اگست تک ان انتخابات کے انعقاد کا علم نہ ہو سکا۔ سلمان بٹ، جو خود اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے آئین پر دستخط کنندہ ہیں، نے آئینی دفعات کی صریح خلاف ورزی کی، جسے ایگزیکٹو کمیٹی نے نہایت سنگین بدانتظامی اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل قرار دیا۔

فیڈریشن نے ان غیر آئینی انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے محترمہ شاہدہ خانم سینیر وائس پریذیڈنٹ، اے ایف پی کی سربراہی میں ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی ہے جو آئین کے مطابق منصفانہ اور شفاف انتخابات منعقد کرائے گی اور اس دوران پنجاب ایسوسی ایشن کے روزمرہ امور چلائیگی۔صدر اور ایگزیکٹو کمیٹی نے واضح کیا کہ فیڈریشن کے تمام امور سختی سے آئین کے مطابق چلائے جائیں گے، کسی بھی قسم کی خلاف ورزی یا خود ساختہ اقدامات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتحاد، دیانت داری، نظم و ضبط اور آئینی عملداری کو برقرار رکھتے ہوئے ملک میں اتھلیٹکس کے فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح کے لیے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ دریں اثناء فیڈریشن کے صدر وجاہت ساہی نے نجی ٹی وی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن نے انہیں انتخابات کے بارے میں 29 اگست کی رات گیارہ بجکر 39منٹ پر مطلع کیا۔

انہوں نے کہاکہ 30 اگست کو ہم نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کو اطلاع دی کہ یہ انتخابات غیر قانونی تصور کیے جائیں گے،حتیٰ کہ 30 اگست تک اے ایف پی کے سینئر نائب صدر کو بھی 31 اگست کے انتخابات کے بارے میں علم نہیں تھا۔وجاہت ساہی کے مطابق سلمان بٹ 6 اگست کے بعد پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر نہیں رہے تھے، جو اصل انتخابی تاریخ تھی۔ انہوں نے کہا کہ سلمان بٹ دوبارہ صدر کے عہدے کے لیے الیکشن لڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔

وجاٰہت ساہی نے کہاکہ بالآخر تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کی اور ان افراد کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی سفارش کی۔ اے ایف پی ملک و قوم کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ عزت و وقار لائے، جیسا کہ پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت کر ثابت کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کئی دہائیوں کی محنت کا نتیجہ ہے، خاص طور پر اٴْس وقت کے صدر اکرم ساہی کی کوششوں کا افسوس کہ چند لوگوں نے اس اعزاز کو برباد کیا،ہم اے ایف پی کے آئین پر قائم رہیں گے اور تمام اقدامات قانون کے مطابق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سلمان بٹ کو تاحیات پابندی کے خلاف اپیل کرنے کا حق حاصل ہے، جیسا کہ فیڈریشن کے آئین میں درج ہے۔یاد رہے، سلمان بٹ کو اے ایف پی نے ٹوکیو 2021 اولمپکس کے بعد ارشد ندیم کا کوچ مقرر کیا تھا، جہاں ارشد نیزہ پھینکنے کے فائنل میں پانچویں پوزیشن پر آئے تھے۔ تب سے بٹ نے ارشد کو کئی اعزازات دلائے، جن میں 2022 کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل ، 2023 ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سلور میڈل اور اور پیرس 2024 اولمپکس میں گولڈ میڈل شامل ہیں۔