کین ولیم سن کی دستیابی پر تاحال غور جاری، کوچ والٹر کا مکمل اعتماد

پیر 6 اکتوبر 2025 14:41

ویلنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) نیوزی لینڈ کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راب والٹر نے کہا ہے کہ سینئر بیٹر اور سابق کپتان کین ولیم سن کو آئندہ ملکی کرکٹ سیزن کے لیے اپنی دستیابی کے اعلان میں مکمل وقت دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کین ولیم سن جیسے تجربہ کار کھلاڑی اس رعایت کے مستحق ہیں۔کین ولیم سن، جو اس وقت نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی ) کے ساتھ غیر رسمی معاہدے پر ہیں، نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت سے معذرت کی تھی۔

اس سے قبل وہ زمبابوے کے دورے سے بھی غیر حاضر رہے تاکہ کاؤنٹی کرکٹ اور ’دی ہنڈریڈ‘ میں حصہ لے سکیں۔کوچ راب والٹر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کین ولیم سن یقینی طور پر کھیلیں گے، اس میں کوئی شبہ نہیں۔

(جاری ہے)

بس یہ طے کرنا باقی ہے کہ وہ کب اور کس فارمیٹ میں دستیاب ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ کین ولیم سن سمیت کچھ دیگر کھلاڑیوں کے معاہدے یکساں نوعیت کے ہیں، اس لیے ان کے فیصلوں میں وقت لگ سکتا ہے۔

کین ولیم سن کو مکمل اختیار ہے کہ وہ اپنے سال کے بقیہ شیڈول پر غور و مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں، اور وہ ایسا کرنے کے مکمل حقدار ہیں۔ہیڈ کوچ کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے اہم کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہو سکتی ہے۔ فِن ایلن (پاؤں کی انجری)، ایڈم ملنے (ٹخنے کی چوٹ)، لاکی فرگوسن (ہیم سٹرنگ) اور گلین فلپس (گروئن) کا شکار ہیں جن کے مکمل فٹ ہونے کا امکان کم ہے۔

راب والٹر پر اُمید ہیں کہ ون ڈے کپتان مچل سینٹنر اور راچن رویندرا، جو پریکٹس کے دوران زخمی ہوئے، سیریز کے آغاز سے قبل فٹ ہو جائیں گےسیریز کا آغاز 18 اکتوبرکو کرائسٹ چرچ میں میچ سے ہوگا۔ ہیڈکوچ راب والٹر نے اعتراف کیا کہ اگر تمام کھلاڑی فٹ ہو گئے تو سکواڈ میں شامل ہونے کے لیے تیز گیند بازوں اور ٹاپ آرڈر بیٹرز کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔ ٹِم رابنسن نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں شاندار سنچری اسکور کی، جبکہ جمی نیشم نے تیسرے میچ میں چار وکٹیں حاصل کیں، جو سلیکشن کے لیے ایک چیلنج بن سکتے ہیں۔