مریم نواز وژن کے تحت شیخوپورہ پنجاب کا نیا سیاحتی حب بنے گا‘ ڈاکٹراحسان بھٹہ

پیر 6 اکتوبر 2025 15:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) سیکرٹری سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کے متحرک وژن کے تحت شیخوپورہ کو ایک جدید، متحرک اور پائیدار سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے لیے جامع اور مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے یہ بات شیخوپورہ میں جاری اور نئے سیاحتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا، ایڈیشنل سیکرٹری صدف ظفر، جنرل منیجر آپریشنز فرحت قریشی، ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ مدثر عارف کھوکھر، ڈپٹی ڈائریکٹر آرکیالوجی عمران زاہد، منیجر سائٹ سیئنگ بس اشفاق احمد ڈوگر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آرکیالوجی شیخوپورہ عبدالرفیق کھوکھر سمیت محکمہ آثار قدیمہ پنجاب، وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ، ضلعی انتظامیہ اور شیخوپورہ آرٹس کونسل کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سیاحت نے بتایا کہ محکمہ وائلڈ لائف کے تعاون سے ہرن مینار میں چھوٹا چڑیا گھر قائم کیا جا رہا ہے، جہاں چھانگا مانگا سے تقریباً 30ہرن اور موفلون منتقل کیے جا رہے ہیں تاکہ قدرتی ماحول کو مزید دلکش بنایا جا سکے اور اہلِ خانہ کے لیے تفریحی سہولیات میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی سہولت کے لیے 3کلومیٹر جنگلی راستے پر 15سائیکلیں فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ الیکٹرک اور ماحول دوست گالف کارٹس بھی متعارف کروائی جا رہی ہیں جو حکومت کی سبز اور پائیدار سیاحت کے وژن کی عکاسی کرتی ہیں۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ ہرن مینار جھیل پر فلوٹنگ ریسٹورنٹ کے لیے جدید جیٹی اور نئی کشتیاں پہنچ چکی ہیں، جہاں رات کے اوقات میں سیاحوں کے لیے ایک منفرد کھانے اور تفریح کا تجربہ فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈبل ڈیکر بس روٹ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جو پہلے مرحلے میں درگاہ وارث شاہ اور ہرن مینار تک ہوگا، جبکہ دوسرے مرحلے میں جندئیالہ شیر خاں کی بالی اور شیخوپورہ قلعہ کو بھی اس ورثہ سیاحتی سرکٹ میں شامل کیا جائے گا۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ شیخوپورہ آرٹس کونسل (محکمہ اطلاعات و ثقافت)کے تعاون سے درگاہ وارث شاہ پر ہیر کے ثقافتی پروگرام اور ہرن مینار پر مقامی فنکاروں کے لوک موسیقی کے شوز منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ پنجاب کے ثقافتی ورثے اور لوک روایت کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے لیے ادائیگی کی بنیاد پر بار بی کیو کی سہولت بھی متعارف کروائی جا رہی ہے تاکہ اہلِ خانہ کو مزید تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف مقامی سیاحت کے فروغ کا باعث بنیں گے بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے اور پنجاب کے ثقافتی و سماجی ڈھانچے کو مضبوط بنائیں گے۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور باہمی رابطے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ولولہ انگیز قیادت میں شیخوپورہ جلد ہی پائیدار سیاحت، ثقافتی بحالی اور عوامی تفریح کا ایک مثالی ماڈل بن کر ابھرے گا۔