پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں کارروائیاں ،مضر صحت گوشت سپلائی کرنے والا شخص گرفتار

پیر 6 اکتوبر 2025 16:23

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کارروائیوں کے دوران مضر صحت گوشت سپلائی کرنے والے شخص کو گرفتار اور زائد المیعاد اشیا فروخت کرنے پر 2 کریانہ سٹور مالکان کو مجموعی طور پر 45 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے عارف سعید کالونی نزد میونسپل پارک جام پور میں کارروائی کرتے ہوئے ایک لوڈر رکشہ پکڑ لیا۔

دوران معائنہ معلوم ہوا کہ بیمار گائے کو ذبح کر کے گوشت مارکیٹ میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔ ویٹرنری ڈاکٹر کی رپورٹ کے مطابق گوشت ناقابلِ استعمال پایا گیا جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر سپلائر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح صدر بازار روجھان اور جام پور میں 2 کریانہ سٹورز مالکان کو زائدالمیعاد اشیا فروخت کرنے پرمجموعی طور پر 45 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 70 کلو زائد المیعاد اشیا موقع پر ضائع کر دی گئیں ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی دن رات سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مضر صحت گوشت اور زائدالمیعاد اشیا فروخت کرنے والوں کی نشاندہی کے لئے ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔

متعلقہ عنوان :