سابق سینیٹر مشتاق احمد کی رہائی کا عمل آئندہ چند دنوں میں مکمل ہو جائے گا، دفترخارجہ

وزارتِ خارجہ عمان میں اپنے سفارتخانے کے ذریعے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے محفوظ انخلا کو یقینی بنانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے؛ ترجمان فارن آفس کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 6 اکتوبر 2025 15:58

سابق سینیٹر مشتاق احمد کی رہائی کا عمل آئندہ چند دنوں میں مکمل ہو جائے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اکتوبر2025ء ) دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد کی رہائی کا عمل آئندہ چند دنوں میں مکمل ہو جائے گا۔ ترجمان فارن آفس کے مطابق پاکستان کی وزارتِ خارجہ عمان میں اپنے سفارتخانے کے ذریعے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے محفوظ انخلا کو یقینی بنانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے، اردن کی حکومت کی قیمتی مدد سے امید ہے کہ یہ عمل آئندہ چند دنوں میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہو جائے گا، ہم برادر ملک اردن کی حکومت کے شاندار تعاون اور فراخدلانہ حمایت کے لیے بے حد مشکور ہیں۔

علاوہ ازیں وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صمود فلوٹیلا پر سوار پاکستانی شہریوں کی سلامتی اور جلد از جلد واپسی کے لیے پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ سرگرم رابطے میں ہے، ایک دوست یورپی ملک کے سفارتی ذرائع کے ذریعے یہ تصدیق ہوئی ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی قابض فورسز کی تحویل میں ہیں اور وہ محفوظ اور خیریت سے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ مقامی قانونی تقاضوں کے مطابق سینیٹر مشتاق کو عدالت میں پیش کیا جائے گا اور ڈیپورٹیشن آرڈر جاری ہونے کے بعد ان کی واپسی فوری بنیادوں پر عمل میں لائی جائے گی، اس کے علاوہ وزارتِ خارجہ نے اس سے قبل اُن پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی میں بھی تعاون کیا تھا جو پہلے ہی فلوٹیلا سے اتر چکے تھے۔ ترجمان فارن آفس نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان اُن برادر ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے شہریوں کی واپسی میں مدد فراہم کی، پاکستانی حکومت بیرونِ ملک اپنے تمام شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور توقع ہے کہ وطن واپسی کا یہ عمل آئندہ چند دنوں میں مکمل ہو جائے گا۔