اے این ایف کے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات فروشوں کے خلاف 6 آپریشنز ‘ 84 لاکھ کی 83 کلوگرام منشیات برآمد‘ 4 ملزمان گرفتار

پیر 6 اکتوبر 2025 22:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2025ء) انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات فروشوں کے خلاف 6 آپریشنز کے دوران 84 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 83 کلوگرام منشیات برآمد کر کے 4 ملزمان گرفتار کر لئے اے این ایف سے جاری تفصیلات کے مطابق اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 300 گرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا گرفتار ملزم نے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ملتان میں واقع ایک کوریئر آفس میں سکاٹ لینڈ سے آنے والے کریم کے ڈبوں کے پارسل میں چھپائی گئی 120 گرام کوکین برآمد کی گئی پشین کوئٹہ میں ہوٹل کے قریب گاڑی سے 65 کلوگرام چرس برآمد کرنے کے علاوہ اٹک کے قطبال ٹول پلازہ پر گاڑی سے 9 اعشاریہ 6 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا اسی طرح رنگ روڈ پشاور کے قریب موٹر سائیکل سوار کے قبضے سے 6 کلوگرام افیون برآمد اور راولپنڈی کے ایک کوریئر آفس میں پشاور سے آئے کریم کے ڈبوں کے پارسل میں چھپائی گئی 2 اعشاریہ 3 کلوگرام افیون بھی برآمد کر لی گئی ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔