گوجرانوالہ،ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ

پیر 6 اکتوبر 2025 18:57

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نےبارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا، انہوں نے کچی فتو منڈ روڈ (کمشنر دفتر روڈ)، جی ٹی روڈ،جناح انٹر چینج، پنڈی بائی پاس، ریلوے لائن، سروس روڈ، جنرل بس سٹینڈ اور سپیشل ایجوکیشن سینٹر ماڈل ٹاؤن کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کچی فتومنڈ روڈ( کمشنر دفتر روڈ) اور ملحقہ آبادیوں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر سخت اظہار برہمی کیا، ڈپٹی کمشنر نےشہر کو صاف ستھرا بنانے کیلئے صفائی آپریشن تعلیمی ادارے کھلنے سے قبل مکمل کرنے کے احکامات دیئے۔

انہوں نے صفائی عملہ کو ہدایت کی کہ وہ طلبہ کو صاف ماحول کی فراہمی میں مزید وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نےنشاندہی کئے گئے تمام کوڑا پوائنٹس کو 2 گھنٹے میں صاف کرنے کے بعد تصاویر کے ساتھ رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے جناح انٹرچینج پنڈی بائپاس، ریلوے لائن، سروس روڈز اور ملحقہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر صفائی امور اور انسداد تجاوزات کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔

صفائی کی مجموعی صورتحال پر اظہار عدم اطمینان کیا۔ انہوں نے موقع پر ہی عارضی تجاوزات کے خاتمے کیلئے پیرا فورس، میونسپل کارپوریشن حکام اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی اقراء مبین گوندل کو ہدایات جاری کیں۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے سپیشل ایجوکیشن سنٹر ماڈل ٹاؤن کا دورہ کیا، اس موقع پر تعلیمی و بنیادی سہولیات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خصوصی بچوں سے ملاقات کی اور ان سے سوال و جواب کیا انہوں نے سپیشل بچوں کو فعال شہری بنانے کیلئےاساتذہ کو بھرپور محنت کی تلقین کی۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے عوامی خدمات کی بہترین فراہمی کے سلسلہ میں جنرل بس اسٹینڈ گوجرانوالہ کا اچانک دورہ کیا، انہوں نےبس اسٹینڈ میں صفائی ستھرائی، سہولیات کی دستیابی اور آپریشنل ہونے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مسافروں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ایڈمنسٹریٹر جنرل بس اسٹینڈ اور سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایات جاری کیں۔\378