کمشنر فیصل آباد کا ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیلوں ٹوبہ، کمالیہ اور پیر محل کا تفصیلی دورہ، انتظامی امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائز ہ لیا

پیر 6 اکتوبر 2025 18:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر عوامی فلاح و بہبود، شہری سہولیات میں بہتری اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو بلند کرنے کے لئے انتظامیہ سرگرم عمل ہے۔ اسی سلسلے میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیلوں ٹوبہ، کمالیہ اور پیر محل کا تفصیلی دورہ کیا۔

کمشنر نے اپنے دورے کے دوران جنرل بس سٹینڈ، صدر بازار، گنج شکر پارک اکال والا روڈ، ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ، ٹی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ، ٹی ایچ کیو ہسپتال پیر محل اور فاضل دیوان پارک کمالیہ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران سے انتظامی امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ لی۔کمشنر فیصل آباد نے صدر بازار میں تجاوزات کے خاتمے کے بعد بیوٹیفیکیشن پلان پر بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہری علاقوں میں صفائی، ٹریفک نظام، روشنی کے انتظامات اور خوبصورتی کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مقامات کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ پبلک سہولتوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔بعد ازاں انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ اور تحصیل ہسپتالوں کمالیہ و پیر محل کا دورہ کیا جہاں طبی سہولتوں، صفائی، ادویات کی فراہمی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ہسپتالوں کے ایم ایس اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف ندیم نے کمشنر کو کارکردگی پر بریفنگ دی۔

کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ترجیح عوام کو معیاری صحت سہولیات، صاف ستھرا ماحول اور بہتر شہری خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی مشینری کو فیلڈ میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح، اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ منور حسین کملانہ سیال، اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقراء ناصر اور اسسٹنٹ کمشنر پیر محل ذوالفقار صابر بھی موجود تھے۔