نبی کریم ﷺکی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا اور آخرت میں ہم کامیاب ہو سکتے ہیں،قاسم علی شاہ

پیر 6 اکتوبر 2025 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ترقی خواتین سید قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺکی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا اور آخرت میں ہم کامیاب ہو سکتے ہیں،آپﷺ کی سیرت پاک ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے، مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ نبی پاکﷺ کی تعلیمات اور طرززندگی پر عمل پیرا ہوں، اسی میں دونوں جہانوں کی کامیابی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رنڑہ چائلڈ ویلفئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پیر کے روز پشاور میں عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں منعقدہ ایک روحانی اورپروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پررکن قومی اسمبلی شندانہ گلزار بھی موجود تھیں۔صوبائی وزیر نے کہا نبی پاک کی بعثت کی بدولت دنیا کو ظلم و جبر اور جہالت و تاریکی سے نجات ملی اور عدل و انصاف کا بول بالا ہوا آپﷺ کو اللہ تعالیٰ نے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا ہے اگر مسلمان نبی کریم کی تعلیمات کو پوری طرح اپنی زندگیوں میں اپنا لیں تو نہ صرف دنیا میں کئی ایک مسائل سے چھٹکارا مل جائے گا بلکہ آخرت میں بھی سرخرو ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ترقی خواتین سید قاسم علی شاہ اوررکن قومی اسمبلی شندانہ گلزار نے رنڑہ چائلڈ فائونڈیشن کی جانب سے عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے ایک روحانی اورپروقار تقریب کے انعقاد کے اقدام کو سرہاتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی محافل کے انعقادکی بدولت نہ صرف روحانی طور تقویت ملتی ہے بلکہ نبی پاک کی تعلیمات سے آگاہی کے ساتھ ان پر عمل پیرا ہونے میں بھی مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رنڑہ چائلڈ ویلفیئر فائونڈیشن کی سٹریٹ چلڈرن اورتعلیم سے محروم محنت کش بچوں کی بہتری ، خاص طور پر ان کی صحت و تعلیم سمیت دیگر ضروریات کے لئے کی جانے والی کوششیں قابل قدر ہیں اور معاشرے کی فلاح و بہبودکے لئے دیگر فلاحی اداروں کو بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ اقدامات اٹھانے چاہئے۔ تقریب کے اختتام پرصوبائی وزیر سید قاسم علی شاہ اوررکن قومی اسمبلی شندانہ گلزار نے تقریب کے شرکاء میں انعامات بھی تقسیم کئے۔