زاہد چن زیب نے اپنے عہدے کا باضابطہ طور پر چارج سنبھال لیا

پیر 6 اکتوبر 2025 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے محکمہ محنت زاہد چن زیب نے پیر کے روز اپنے عہدے کا باضابطہ طور پر چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر محکمہ کے عملے نے انہیں خوش آمدید کہا اور محکمانہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔مشیر محنت زاہد چن زیب نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت کے مطابق مزدور طبقے کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ محنت کے تحت جاری ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کی بر وقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی تاکہ مزدوروں اور محنت کشوں کو عملی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مزدور دوست پالیسیوں کے تعین کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرے گی اور صنعتی تعلقات میں ہم آہنگی پیدا کرنے پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

زاہد چن زیب نے مزید کہا کہ صوبے میں محنت کش طبقے کے لیے تربیتی مراکز کو فعال اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ ہنرمند افرادی قوت کے ذریعے معاشی استحکام حاصل کیا جا سکے۔

انہوں نے محکمہ محنت کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں اور پالیسیوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کی جائے اور عوامی فلاح کے ہر اقدام میں شفافیت، میرٹ اور خدمت کے اصولوں کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر مشیر موصوف کے حلقہ نیابت سے آئے ہوئے منتخب نمائندوں، عمائدین اور سماجی شخصیات نے زاہد چن زیب کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں گلدستے پیش کیے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں محکمہ محنت مزید فعال اور عوام دوست ادارہ بنے گا۔