سٹرائیکرز اور کانکررز نے قومی انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی

پیر 6 اکتوبر 2025 19:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) سٹرائیکرز اور کانکررز نے قومی انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ،تاہم فیصلہ کن معرکہ 8 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کے مطابق پیر کے روز کھیلے گئے سیمی فائنلز میں سٹرائیکرز نے چیلنجرز جبکہ کانکررز نے سٹارز کو شکست دی۔ پہلے سیمی فائنل میں سٹرائیکرز نے چیلنجرز کو 8 وکٹوں سے ہرایا۔

چیلنجرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنائے، راویل فرحان 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ سٹرائیکرز کی نرجیس بی بی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سٹرائیکرز نے مطلوبہ ہدف 16 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ فضہ فیاض 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ اقصیٰ حبیب 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

(جاری ہے)

نرجیس بی بی اور اقصیٰ حبیب کو مشترکہ طور پر پلیئرز آف دی میچ قرار دیا گیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں کانکررز نے سٹارز کے خلاف 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ سٹارز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 125 رنز بنائے۔ راحیمہ سید نے 33 اور کومل خان نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ جواب میں کانکررز نے ہدف 18.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ صبیحہ نور نے شاندار 44 رنز بنائے جبکہ دینا رضوی نے 34 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ صبیحہ نور کو بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز ملا۔