وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی زیر صدارت زراعت اور موسمیاتی/سیلابی ایمرجنسیز سے متعلق کابینہ کمیٹی کا پہلا اجلاس، کسانوں کو قلیل المدتی، وسط المدتی اور طویل المدتی ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، احسن اقبال

پیر 6 اکتوبر 2025 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) زراعت اور موسمیاتی/سیلابی ایمرجنسیز سے متعلق کابینہ کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا، یہ کمیٹی وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ کسانوں کو قلیل المدتی، وسط المدتی اور طویل المدتی ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر متاثرہ کسانوں کی بھرپور مدد کریں تاکہ وہ آنے والے ربیع سیزن کے لیے تیار ہو سکیں۔انہوں نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ آئندہ پندرہ دنوں کے اندر کسانوں کو کینولا کے بیج فراہم کیے جائیں تاکہ سیلاب کے بعد زمین میں موجود نمی سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔