مصری ماہر آثار قدیمہ خالد العنانی یونیسکو کے نئے سربراہ کے واحد امیدوار نامزد

منگل 7 اکتوبر 2025 09:20

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) متحدہ کے تعلیمی، سائنسی و ثقافتی ادارے (یونیسکو) کے نئے ڈائریکٹر جنرل کے لیے مصر کے سابق وزیرِ سیاحت و آثارِ قدیمہ خالد احمد العنانی کو واحد امیدوار کے طور پر نامزد کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ یونیسکو کی ایگزیکٹو بورڈ کے 222ویں اجلاس میں پیر کو پیرس میں کیا گیا۔انتخابی عمل میں العنانی کو 55 ووٹ حاصل ہوئے، جبکہ ان کے مدِ مقابل کانگو کے امیدوار فرمین ایڈورڈ ماٹوکو کو صرف 2 ووٹ ملے۔

واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد العنانی کو سرکاری طور پر نامزد کر دیا گیا۔یہ نامزدگی اب یونیسکو کی جنرل کانفرنس کے سامنے پیش کی جائے گی، جو 6 نومبر کو سمرقند، ازبکستان میں منعقد ہو گی۔خالد العنانی 1971 میں پیدا ہوئے اور اس وقت مصر کی حلوان یونیورسٹی میں ماہرِ مصر آثار قدیمہ (ایجپٹولوجی) کے پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ 30 سال سے تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

انتخاب کے بعد العنانی نے کہا کہ اگر مجھے آئندہ نومبر میں منتخب کیا گیا، تو میں ابتدائی 100 دنوں میں تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر یونیسکو کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا روڈ میپ تیار کروں گا — ایسا یونیسکو جو سب کے لیے ہو، امن کا پیامبر ہو، اور ہر قسم کے امتیاز سے پاک ہو۔یاد رہے کہ موجودہ ڈائریکٹر جنرل آڈری آزولے رواں سال نومبر میں اپنی 8 سالہ مدت مکمل کر رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :