چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن بابر علاؤالدین کابہاولنگر کے مختلف دریائی اور دیہی علاقوں کا دورہ

مکاں پتن نورے والا بند کا معائنہ کیا ،حفاظتی انتظامات، بند کی مضبوطی اور ممکنہ خطرات کے تدارک کیلئے اقدامات کا جائز ہ لیا

منگل 7 اکتوبر 2025 15:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر)بابر علاؤالدین نے ضلع بہاولنگر کے مختلف دریائی اور دیہی علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر مکاں پتن نورے والا بند کا معائنہ کیا اور حفاظتی انتظامات، بند کی مضبوطی اور ممکنہ خطرات کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام محکمے باہمی رابطے کے ساتھ ہم آہنگی سے کام کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلابی خطرے کو کم سے کم کیا جا سکے۔چیئرپرسن نے بند کے اردگرد صفائی، نکاسی آب اور کٹاؤ سے بچاؤ کے لیے کیے گئے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ عملے کی کاوشوں کو سراہا۔دورے کے دوران مقامی انتظامیہ اور محکمہ انہار کے افسران نے بریفنگ دی اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔