یو اے ای اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کا یونیسکو کانفرنس میں شرکت کا اعلان

منگل 7 اکتوبر 2025 16:56

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) متحدہ عرب امارات کی نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی پیرس میں یونیسکو ہیڈکوارٹر میں منعقد ہونے والی کھیلوں میں ڈوپنگ کے خلاف بین الاقوامی کنونشن کی دسویں کانفرنس آف پارٹیز کوپ10میں شرکت کرے گی۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ اجلاس 20 سے 22 اکتوبر تک جاری رہے گا،کوپ10 کنونشن کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہو رہا ہے جو گزشتہ دو دہائیوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور کھیلوں میں اقدار، اخلاقیات اور شفافیت کو محفوظ بنانے کے عالمی اقدامات کے لیے مستقبل کا لائحہ عمل وضع کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔

صدر نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی ڈاکٹر مائی احمد الجابر نے وام سے گفتگو میں کہا کہ اس کانفرنس میں شرکت امارات کے اس عزم کی تجدید ہے کہ وہ بین الاقوامی معیارات پر عمل درآمد اور عالمی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے کھیلوں کے مقابلوں کی شفافیت کو یقینی بنائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں کئی اہم موضوعات زیر بحث آئیں گے، جن میں ممالک کی بین الاقوامی کنونشن کے مطابق کارکردگی کا جائزہ، ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (WADA) کے ساتھ رابطہ کاری میں بہتری، معیارات میں ہم آہنگی اور کھیلوں میں ڈوپنگ کے خاتمے کے لیے نیا ایکشن پلان شامل ہے۔

ڈاکٹر الجابر نے مزید کہا کہ ایجنسی یکم سے 5 دسمبر تک بوسان، جمہوریہ کوریا میں منعقد ہونے والی ورلڈ اینٹی ڈوپنگ کانفرنس میں بھی شریک ہوگی۔یہ عالمی کانفرنس کھلاڑیوں سمیت کھیلوں کی تحریک، حکومتوں، قومی و علاقائی اینٹی ڈوپنگ تنظیموں، لیبارٹریوں، سروس پرووائیڈرز، محققین اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے 1,500 سے زائد نمائندوں کو یکجا کرے گی تاکہ کھیلوں کو ممنوعہ ادویات یا طریقہ کار سے پاک رکھنے کے مشن میں کردار ادا کیا جا سکے۔