سینیٹر ایمل ولی خان سے متعلق نامناسب زبان کے استعمال اور سیکیورٹی واپس لینے کی شدید مذمت کرتے ہیں، غلام نبی مری

منگل 7 اکتوبر 2025 22:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اکتوبر2025ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے ممبر وضلع کوئٹہ کے صدر غلام نبی مری نے ایک بیان میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان سے متعلق وفاقی وزیرمملکت طلال چوہدری کی جانب سے استعمال کی گئی نامناسب زبان اور وفاقی حکومت کی ہدایت پر ان کی سیکیورٹی واپس لینے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر ایمل ولی خان کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جس نے ہمیشہ جمہوریت، وفاق، محکوم اقوام کے حقوق اور سائل و ساحل کی خودمختاری کے لیے جدوجہد کی۔ ان کے والد، بزرگ اور خاندان کے دیگر اراکین نے قومی سیاست میں اصولی، جمہوری اور عوامی کردار ادا کیا ہے، جسے تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

(جاری ہے)

غلام نبی مری نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے، لیکن سیاسی رہنمائوں کے خلاف زبان درازی یا ادارہ جاتی انتقامی کارروائیاں جمہوری اقدار کے منافی ہیں اور شاید مسلم لیگ(ن) کے رہنما اپنی پارٹی اور اکابرین کے سیاسی اصول اقتدار کے نشے میں بھول بیٹھے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی منتخب نمائندے کی سیکیورٹی واپس لینا صرف ایک شخص کے خلاف کارروائی نہیں بلکہ جمہوری روایات اور اظہارِ رائے کی آزادی پر حملہ تصور کیا جائے گا۔بی این پی رہنما نے کہا کہ سینیٹر ایمل ولی خان اور ان کی جماعت نے ہمیشہ محکوم اقوام کی سیاسی و معاشی خودمختاری، وسائل پر اختیار اور صوبوں کے آئینی حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد کو دبانے یا خوف و دبائو کے ذریعے خاموش کرانے کی کوششیں جمہوری عمل کو کمزور کریں گی۔غلام نبی مری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سینیٹر ایمل ولی خان کی سیکیورٹی فوری طور پر بحال کرے اور ایسے تمام اقدامات سے گریز کرے جو جمہوری ہم آہنگی، برداشت اور قومی وحدت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بی این پی ہمیشہ ان قوتوں کے ساتھ کھڑی رہے گی جو وفاقی اکائیوں کے درمیان اعتماد کی فضا، عوامی حقوق کے تحفظ اور آئینی بالادستی کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔