سندھ زرعی یونیورسٹی اور لانژو یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

منگل 7 اکتوبر 2025 20:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے طلبہ و اساتذہ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کیلئے چین جائیں گے جبکہ تربیتی ورکشاپس اور کانفرنسوں کا مشترکہ انعقاد کیا جائیگا، جس کا مقصد تعلیمی تعاون، مشترکہ تحقیقی منصوبے، تربیت اور زرعی سائنس کے اہم شعبوں میں استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔اس ضمن میں سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور چین کی لانژو یونیورسٹی کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے طے پایا ہے اور دونوں ممالک میں جامعات کے سربراہان نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

مفاہمتی یادداشت پر وائس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال اور صدر لانژو یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر یانگ یونگ پنگ نے باضابطہ طور پر دستخط کیے۔

(جاری ہے)

دیگر دستخط کنندگان میں پروفیسر ڈاکٹر تنویر فاطمہ میانو، ڈائریکٹر اورک، زرعی یونیورسٹی کی جانب سے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر شاہ نواز مری، ڈائریکٹر، آفس آف انٹرنیشنل کوآپریشن اینڈ ایکسچینج، ایل زیڈ یو چی گانگ اور پروفیسر ڈاکٹر ژانگ جیویو، فوکل پرسن ایل زیڈ یو شامل تھے۔

معاہدے کے تحت دونوں جامعات مشترکہ تحقیقی منصوبے شروع کریں گی، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلے کو فروغ دیں گی، تربیتی ورکشاپس اور کانفرنسوں کا انعقاد کریں گی اور سندھ زرعی یونیورسٹی کے اہل ایم ایس سی اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کو لانژو یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کریں گی جو داخلے اور فنڈنگ کی منظوری سے مشروط ہوں گے۔ یہ اشتراک پودوں کی افزائش و جینیات، اسٹریس فزیالوجی، بایو ٹیکنالوجی اور موسمیاتی لچکدار زراعت جیسے شعبوں پر مرکوز ہے تاکہ پائیدار زرعی ترقی کو باہمی تعلیمی تعاون کے ذریعے فروغ دینے میں کردار ادا کرے گا۔