سی سی پی او لاہورکی زیر ِصدارت سول لائنز اور ماڈل ٹاون ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

بدھ 8 اکتوبر 2025 11:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت سول لائنز اور ماڈل ٹاون ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس بدھ کو منعقدہ ہوا ۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق اجلاس میں سی سی پی او کی جانب سے پولیس افسران کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی گئی۔

ترجمان کے مطابق سی سی پی او لاہور نے ڈی آئی جی (آپریشنز) کو مسلح گن مینوں کی نمائش اور ڈالہ کلچرکے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاون کی ہدایت کی۔اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں،منشیات کے مقدمات میں بیک ٹریکنگ کے ذریعے اسمگلروں کے نیٹ ورک کو توڑا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا فرنٹ ڈیسک پر موصول درخواستوں کوبروقت نمٹایا جائے، پولیس افسران درخواست گزاروں سے رابطے میں رہ کر انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہاکہ سٹریٹ کرائم پر قابو پانے کیلئے ہاٹ سپاٹ ایریاز میں موثر پٹرولنگ کی جائے۔پولیس سافٹ وئیر ہوٹل آئی کے مکمل اور موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ مالیاتی اداروں اورتجارتی مراکز کے سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔اجلاس میں ڈی آئی جی (ایڈمن)عمران کشور،ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان رضا، ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید، سول لائنز اور ماڈل ٹاون ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز(انوسٹی گیشن) بھی شریک تھے۔