جرمن وفد کا پاکستان سپورٹس گڈز مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا دورہ ،گرین پاکستان منصوبے کے تحت پانی کے مؤثر استعمال پر تبادلہ خیال کیا

بدھ 8 اکتوبر 2025 17:41

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) جرمنی کے وفد نے ڈاکٹر آچیم اے فیہن کی قیادت میں پاکستان سپورٹس گڈز مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن(پی ایس جی ایم ای اے) کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے گرین پاکستان منصوبے کے تحت سیالکوٹ کی کاٹیج انڈسٹری میں جرمنی کو ایکسپورٹ کی جانے والی مصنوعات کی تیاری میں پانی کے استعمال کا جائزہ لیتے ہوئے اس کے دوبارہ استعمال بارے ممبران کو معلومات فراہم کیں۔

وفد نے پیداواری مراحل میں پانی کے موجودہ استعمال اور اس کے ممکنہ دوبارہ استعمال کے طریقوں کا بغور مطالعہ کیا۔ ماہرین نے مقامی صنعتکاروں کو پانی کے مؤثر استعمال، ری سائیکلنگ اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق مفید معلومات اور سفارشات فراہم کیں۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ سیالکوٹ کی صنعت جو دنیا بھر میں اپنی اعلیٰ معیار کی کھیلوں کی مصنوعات کے لئے مشہور ہے، اگر ماحول دوست طریقے اپنائے تو نہ صرف برآمدات میں اضافہ ممکن ہے بلکہ عالمی سطح پر اس کی ساکھ میں بھی بہتری آئے گی۔

یہ اقدام پاکستان اور جرمنی کے درمیان پائیدار صنعتی تعاون کی جانب ایک اہم پیش رفت ہےجو دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور ماحولیاتی تحفظ کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ اس موقع پرپاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خواجہ مسعود اختر اور سیکرٹری محسن مسعود اور سیالکوٹ کی کاروباری برادری کی کثیر تعداد موجود تھی جنہوں نے پانی کے مؤثر استعمال، ری سائیکلنگ اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق مفید معلومات اور سفارشات کی فراہمی پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔