ہائیکورٹ نے خاتون منشیات اسمگلر کی سزا کیخلاف اپیل خارج کر دی، عمر قید کی سزا کا فیصلہ برقرار

بدھ 8 اکتوبر 2025 14:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے خاتون منشیات اسمگلر کی سزا کے خلاف اپیل خارج کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کا عمر قید کی سزا کا فیصلہ برقرار رکھا، عدالت نے قرار دیا کہ مقدمہ کے شواہد اور گواہوں کے بیانات سے جرم ثابت ہو چکا ہے، اس لیے سزا میں مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں بنتی۔ جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیاء باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مجرمہ کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

دو رکنی بینچ نے مجرمہ کی جانب سے دائر اپیل خارج کرتے ہوئے نارکوٹکس کورٹ کے 24 جنوری 2024ء کے فیصلے کو برقرار رکھا، جس کے تحت خاتون کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔مقدمے کے ریکارڈ کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے 2022ء میں خاتون کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ اے این ایف حکام نے چھاپے کے دوران ملزمہ کے قبضے سے 51کلوگرام چرس برآمد کی تھی۔ ملزمہ کو موقع پر گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا۔دوران سماعت وکیل اے این ایف نے بتایا کہ مذکورہ خاتون پہلے بھی منشیات کے مقدمات میں ملوث رہی ہے اور ریکارڈ یافتہ سمگلر ہے۔ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ منشیات جیسے سنگین جرائم کیخلاف سختی سے نمٹنا ضروری ہے کیونکہ یہ معاشرتی بگاڑ اور نوجوان نسل کی تباہی کا سبب بنتے ہیں۔