بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں تقریب ، دنیا کے بہترین 2 فیصد سائنسدانوں میں شامل ہونے والے جامعہ کے 10 اساتذہ کو اعزازی اسناد دی گئیں

بدھ 8 اکتوبر 2025 18:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کی زیر صدارت ایک تقریب میں یونیورسٹی کے ان دس اساتذہ کو اعزازی اسناد دی گئیں جو سال 2024ء کے لیے دنیا کے بہترین 2 فیصد سائنسدانوں کی عالمی فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔یہ عالمی درجہ بندی معروف امریکی ادارے سٹینفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر جان ایوانیڈس اور ان کی ٹیم نے مرتب کی جو ہر سال ستمبر میں شائع کی جاتی ہے۔

اس میں دنیا بھر کے مختلف شعبہ جات کے 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد سائنسدانوں میں سے صرف 2 فیصد نمایاں ترین محققین کو شامل کیا جاتا ہے۔ اعزاز پانے والے اسلامی یونیورسٹی کے اساتذہ میں پروفیسر ڈاکٹر رحمت الٰہی، ڈاکٹر طاہر محمود، پروفیسر ڈاکٹر احمد ذیشان، پروفیسر ڈاکٹر محمد ساجد، پروفیسر ڈاکٹر ناصر علی، پروفیسر ڈاکٹر شیخ ندیم احمد، پروفیسر ڈاکٹر طارق جاوید، پروفیسر ڈاکٹر شمائلہ سجاد، ڈاکٹر امبرین افسر اور ڈاکٹر بشریٰ ازیر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے تمام اساتذہ کو مبارکباد دی اور ان کی علمی و تحقیقی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارے کے لیے فخر کی بات ہے کہ ہمارے سائنسدانوں نے عالمی سطح پر یونیورسٹی کا نام روشن کیا۔ اس موقع پر وائس پریزیڈنٹ (ریسرچ اینڈ انٹرپرائز)پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید نے کہا کہ ایسے کارنامے یونیورسٹی کی عالمی ساکھ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے تحقیق کے فروغ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یونیورسٹی کی ترجیحات قرار دیا۔ اعزاز یافتہ اساتذہ نے جامعہ کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ تحقیق و جدت کے میدان میں ادارے کے وژن کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔