کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کی کھلی کچہری ، سیلاب متاثرین کے مسائل سنے

بدھ 8 اکتوبر 2025 18:01

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان اور ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے سیلاب سے متاثرہ علاقے ہفت مدر میں کھلی کچہری لگا کر متاثرین کے مسائل سنے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ، اسسٹنٹ کمشنر سمیت تمام ضلعی افسران بھی اس مقع پر موجود تھے۔

کھلی کچہری میں سروے ، راستوں کی مکمل بحالی ، جائیداد کی تقسیم اور راشن بارے درخواستیں موصول ہوئیں۔کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔کمشنر لاہور نے کھلی کچہری میں پیش ہونے والے شہری کی درخواست پر جعلی سرٹیفکیٹ ایشو کرنے والے سیکرٹری یونین کونسل ہفت مدر کو معطل کر دیا۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور کی کھلی کچہری میں موصول ہونے والی درخواستوں کو دو دن میں نمٹانے کا حکم جاری کیا اور کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے۔سروے اور بحالی فوری اقدامات کیے جائیں۔جائیداد کی تقسیم کے کیسز کو فوری نمٹایا جائے۔بعد ازاں کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان کا سیلاب سے متاثرہ علاقے جگ دا چک کا دورہ۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنر سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔

کمشنر لاہور ڈویژن نے جگ دا چک میں سروے ٹیموں سے ملاقات کی ، روزانہ کے اندراج بارے دریافت کیا۔کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلابی علاقوں میں مجموعی طور پر 52 ٹیمیں سروے کے عمل کو مکمل کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ایک ٹیم پانچ افراد پر مشتمل ، روزانہ 20 سے 25 افراد کا اندراج یقینی بنایا جا رہا ہے۔کمشنر لاہور مریم خان نے گھر گھر جا کر سیلاب زدگان سے ملاقات کی اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے انتظامی افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ فلڈ سروے کا عمل جلد مکمل کیا جائے ، سیلاب متاثرین کو علاج معالجے اور راشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔کمشنر لاہور مریم خان نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کے نقصانات کا پورا ازالہ کیا جائے گا۔\378