بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں عالمی یوم اساتذہ منایا گیا

بدھ 8 اکتوبر 2025 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے فیکلٹی آف ایجوکیشن نے عالمی یوم اساتذہ منایا۔ یہ تقریب فاطمہ الزہراء بلاک آڈیٹوریم، فیمیل کیمپس میں منعقد ہوئی جس کا موضوع تدریس کو ایک مشترکہ پیشہ کے طور پر دوبارہ پیش کرنا تھا۔ یہ تقریب ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشنل لیڈرشپ اینڈ مینجمنٹ اور ٹیچر ایجوکیشن نے مشترکہ طور پر منعقد کی جس کا مقصد اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور آئندہ نسل کے معلمین کو ترغیب دینا تھا۔

تقریب کا آغاز ربن کاٹنے کی تقریب سے ہوا جس میں ڈائریکٹر نیشنل کریکولم کونسل ڈاکٹر تبسم ناز، انچارج فیمیل کیمپسپروفیسر ڈاکٹر آمنہ محمود اور انچارج پروگرامز فیکلٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر اظہر محمود نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اظہر محمود نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں اور آج کا تدریسی عمل تنہا نہیں بلکہ باہمی تعاون کا متقاضی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ و اساتذہ اسی وقت ترقی کرتے ہیں جب وہ خود کو ایک مربوط تعلیمی کمیونٹی کا حصہ سمجھیں۔ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر تبسم ناز نے کہا کہ اچھے اساتذہ نہ صرف علم دیتے ہیں بلکہ طلبہ کی سوچ کو بھی بدل دیتے ہیں۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت اور عالمی تبدیلیوں کے تناظر میں تدریسی طریقہ کار میں جدت لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر آمنہ محمود نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تدریس صرف پیشہ نہیں بلکہ معاشرتی تبدیلی کا طاقتور ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی برداشت اور جذبہ نئی نسل کو متاثر کرتا ہے۔تقریب میں طلبہ نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نظمیں اور تقاریر بھی پیش کیں۔ آخر میں انچارج اکیڈمک افیئرز ڈاکٹر علینا رضا نے تمام شرکا، منتظمین، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا مقصد نہ صرف اساتذہ کی خدمات کو سراہنا تھا بلکہ مستقبل کے اساتذہ میں تعاون، جدت اور پیشہ ورانہ عمدگی کو فروغ دینا بھی تھا۔

متعلقہ عنوان :