اوپن یونیوسٹی میں ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کے موقع پر سیمینار کا انعقاد

بدھ 8 اکتوبر 2025 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کے موقع پر’’ذہنی صحت اور فلاح و بہبود‘‘ کے موضوع پر ایک اہم سیمینار منعقد کیا گیا۔ اس تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومنٹیز پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے صدارت کے فرائض انجام دیئے۔

اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ اسلام ہمیں توازن، اعتدال اور مثبت طرز فکر اپنانے کی تعلیم دیتا ہے، اگر ہم ان رہنما اصولوں کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنا لیں تو نہ صرف انفرادی طور پر ذہنی سکون حاصل کرسکتے ہیں بلکہ ایک متوازن اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بھی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ذہنی صحت کو جسمانی صحت جتنی ہی اہمیت دینی چاہیے کیونکہ ایک پرسکون ذہن ہی تخلیقی اور تعمیری صلاحیتوں کو ابھارتا ہے۔

ڈاکٹر ناصر محمود نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیوں کو ایسے پلیٹ فارمز مہیا کرنے چاہییں جہاں طلبہ و طالبات اپنی فکری، جذباتی اور سماجی بہبود کے حوالے سے رہنمائی حاصل کرسکیں۔ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف آگاہی میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ نوجوان نسل کو مثبت طرزِ زندگی اختیار کرنے کی ترغیب بھی دیتی ہیں۔ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومنٹیز پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو لوگ پیغمبروں کی تعلیمات پر عمل کرتے ہیں وہی حقیقی خوشی اور کامیابی حاصل کرتے ہیں، جتنا ہم مادی اقدار سے دور ہوتے ہیں، اتنا ہی فطرت کے قریب اور ذہنی طور پر متوازن رہتے ہیں جبکہ مادی قدروں کے قریب جانے سے ہماری زندگی میں مشکلات اور بے سکونی بڑھ جاتی ہے۔

یہ سیمینار شعبہ نفسیات کے زیرِ اہتمام منعقد کیا گیا تھا۔ شعبے کی اسسٹنٹ پروفیسرز ڈاکٹر سعدیہ مشتاق اور ماریہ مصطفیٰ نے سیمینار کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور ذہنی صحت کے حوالے سے معلوماتی پریزنٹیشنز پیش کیں۔طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد کے علاوہ فیکلٹی ممبران اور پرنسپل افسران نے بھی اس سیمینار میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :