ممبراسمبلی حسن ابراہیم کا جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن عمر نذیر کشمیری کو قانونی نوٹس

بدھ 8 اکتوبر 2025 23:00

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اکتوبر2025ء) جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن عمر نذیر کشمیری کو جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر اور ممبر اسمبلی حسن ابراہیم کی جانب سے قانونی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمر نذیر کشمیری نے 29 ستمبر کو راولاکوٹ میں منعقدہ ایک جلسے کے دوران الزام عائد کیا تھا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان اسلحہ منتقل کرتے ہوئے پکڑے گئے، اور یہ کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے پاس اس کے ثبوت بھی موجود ہیں۔

نوٹس کے مطابق، عمر نذیر کی اس تقریر سے عوام میں اشتعال پیدا ہوا، اور بعد ازاں حسن ابراہیم پر راولپنڈی جاتے ہوئے حملہ کیا گیا، جس میں وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے کی براہِ راست ذمہ داری عمر نذیر کشمیری کے بیان پر عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ قانونی نوٹس جموں و کشمیر پیپلز پارٹی ضلع پونچھ کے صدر اور سابق امیدوار اسمبلی جاوید نثار اور تابی تاثیر ایڈووکیٹ کے ذریعے جاری کیا گیا ہے، جس میں عمر نذیر سے وضاحت اور عوامی معذرت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بصورت دیگر، ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی حسن ابراہیم نے اپنی جماعت سے تعلق رکھنے والے تین تاجروں کو جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی تحریک میں شمولیت پر شوکاز نوٹس جاری کیے تھے۔ ان تاجروں نے نوٹس کا جواب تو نہیں دیا، تاہم ان کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ذرائع کے مطابق، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے حسن ابراہیم کے نوٹس کے جواب کے لیے اپنی **قانونی ٹیم سے مشاورت شروع کر دی ہے۔