عالمی ماحولیاتی معاہدوں کے تحت سندھ حکومت کی این ڈی سی3پالیسی کی منظوری

سندھ کا2030 تک کاربن اخراج میں 50فیصدکمی کاہدف مقرر، مشیروزیراعلی سندھ دوست محمد راہموں

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) سندھ حکومت نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلیے قومی سطح پر طے شدہ پالیسی این ڈی سی 3 کی منظوری دے دی ہے جو صوبے کی تاریخ میں ماحولیات کے تحفظ اور گرین ہاس گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیراعلی سندھ کے مشیر ماحولیات دوست محمد راہموں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی معاہدے پیرس ایگریمنٹ کے تحت اپنے اہداف طے کر لیے ہیں جن کے مطابق صوبہ سندھ سال 2030 تک گرین ہاس گیسوں کے اخراج میں 50 فیصد کمی کے لیے عملی اقدامات کرے گا جن میں 15 فیصد وسائل اپنے فنڈز سے اور 35 فیصد عالمی تعاون سے پورے کیے جائیں گے۔

اس موقع پر سیکریٹری ماحولیات زبیر چنہ نے تفصیلات سے آگاہ کیا کہ سندھ حکومت نے توانائی، ٹرانسپورٹ، زراعت، جنگلات، پانی، ویسٹ مینجمنٹ اور شہری انفراسٹرکچر جیسے اہم شعبوں میں جامع پالیسی تجاویز تیار کی ہیں تاکہ ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹا جا سکے۔

(جاری ہے)

صوبے میں بی آر ٹی نظام کی توسیع، ڈیزل پبلک بسوں کا خاتمہ، الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ، شجرکاری اور مینگرووز کی بحالی جیسے منصوبے شامل کیے گئے ہیں جو نہ صرف فضا کو صاف کریں گے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔

سیکریٹری زبیر چنہ نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت نے ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں بھی نمایاں اصلاحات تجویز کی ہیں جن کے تحت کچرے کی ری سائیکلنگ، کمپوسٹنگ، پلاسٹک کے دوبارہ استعمال اور ویسٹ ٹو انرجی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ پانی کے بہتر استعمال، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور گرانڈ واٹر ری چارج جیسے منصوبوں سے زرعی و شہری علاقوں میں پانی کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

سندھ حکومت نے 100,000 ہیکٹر زمین کو محفوظ جنگلات اور 150 فیصد جنگلاتی رقبے کے اضافے کا ہدف رکھا ہے جبکہ زراعت میں ماحولیاتی تبدیلی کے مطابق بیجوں اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے کسانوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جائے گا۔ سیکریٹری ماحولیات نے بتایا کہ وزیراعلی سندھ نے نہ صرف NDC 3.0 کی منظوری دی بلکہ وفاقی وزارت ماحولیاتی تبدیلی کو سندھ کے خدشات اور تجاویز بھی ارسال کر دی ہیں تاکہ صوبائی مفادات کو قومی سطح پر شامل کیا جا سکے۔ سندھ حکومت ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور یہ پالیسی مستقبل میں آنے والی نسلوں کے لیے صاف، سرسبز اور محفوظ سندھ کی ضمانت ہے۔