سوات، حاملہ خاتون کے مبینہ قتل کے خلاف ساتال میں عوامی احتجاج جاری، ٹریفک معطل

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:20

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) سوات کی تحصیل بحرین کے علاقے ساتال میں حاملہ خاتون کے مبینہ قتل کے خلاف عوامی احتجاج تیسرے روز بھی جاری ہے۔ مظاہرین نے ملزم کی گرفتاری اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے تک احتجاج ختم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

(جاری ہے)

تازہ اطلاعات کے مطابق ایڈیشنل کمشنر بحرین، ڈی ایس پی سرکل مدین اور دیگر انتظامی افسران نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کیے، تاہم ابھی تک کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آسکا۔

مظاہرین نے کہا کہ جب تک مبینہ قاتل گرفتار نہیں ہوتا اور انصاف نہیں ملتا، وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔احتجاج کے باعث سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے، جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے احتجاج ختم کرانے اور ٹریفک بحالی کی کوششیں جاری ہیں۔