چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس، ہاؤسنگ اور لائیو سٹاک محکموں کے گڈ گورننس روڈ میپ پر پیشرفت کا جائزہ

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ہاؤسنگ اور لائیو اسٹاک محکموں کے گڈ گورننس روڈ میپ کے نفاذ سے متعلق پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا آفس تر جمان کے مطابق اجلاس میں متعلقہ سیکرٹریز اور افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کے "کیش لیس اکانومی" اقدام کے تحت آن لائن پیمنٹ سسٹم متعارف کرایا جا چکا ہے۔ نیو پشاور ویلی کے لیے لینڈ شیئرنگ مینجمنٹ سسٹم تیار کر لیا گیا ہے، جو گوگل میپس پر مبنی آن لائن سسٹم ہے اور اس میں صارفین کیلئے نیو پشاور ویلی کے موزات اور خسرہ نمبر دکھائے گئے ہیں۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ عوامی سہولت کے لیے مکمل معلومات و نقشہ جات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ نے شفافیت کے فروغ کے لیے ای پیڈز نظام کو مکمل طور پر لاگو کیا ہے جبکہ آن لائن شکایات و عوامی رائے کے نظام بھی فعال ہیں۔ اس کے علاوہ چار ڈویژنوں پشاور، ملاکنڈ، کوہاٹ اور ہزارہ میں ریجنل فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں۔ نیو پشاور ویلی اور بنی گل ہاؤسنگ اسکیموں پر کام تسلی بخش انداز میں جاری ہے۔ ہر نئی ہاؤسنگ سکیم میں سبزہ زار اور گرین اسپیسز کو لازمی شامل کیا جارہا ہے۔

اجلاس کو احساس اپنا گھر سکیم پر بھی بریفنگ دی گئی، جس کے تحت کم آمدنی والے افراد کو گھر کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ بڑے جانوروں کی ویکسینیشن شرح 7 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ محکمے نے ہری چن میں 571 ایکڑ اراضی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کارپوریٹ کیٹل فارمنگ کے لیے ترقی دینے پر پیشرفت کی ہے۔

اس کے علاوہ 1000 مستحق کسانوں خصوصاً خواتین اور کمزور طبقات کو لائیو اسٹاک یونٹس فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ غربت میں کمی لائی جا سکے۔ بے روزگار ویٹرنری گریجویٹس کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور پسماندہ علاقوں میں ویٹرنری سروسز کو مضبوط بنانے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔چیف سیکرٹری نے خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ کو ہدایت کی کہ لائیو اسٹاک ویکسینیشن کے عمل کی مانیٹرنگ کے لیے موبائل ایپ تیار کی جائے تاکہ ویکسینیشن کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو۔مزید برآں چیف سیکرٹری نے کہا کہ مختلف محکموں کی فیلڈ سرگرمیوں کا زمینی معائنہ کرنے کے لیے ٹیم کام کررہی ہے تاکہ گڈ گورننس روڈ میپ کے اہداف کا مؤثر نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔