اقوامِ متحدہ کا غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کا خیرمقدم

جمعرات 9 اکتوبر 2025 08:30

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے اور تمام فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاہدے کی مکمل پاسداری کریں۔

(جاری ہے)

شنہوا کے مطابق انہوں نے زور دیا کہ تمام یرغمالیوں کو باعزت طریقے سے رہا کیا جائے، مستقل جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے اور فوری طور پر غزہ میں انسانی امداد اور ضروری تجارتی سامان کی بلا رکاوٹ رسائی فراہم کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مصائب کا خاتمہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ اس مرحلہ وار معاہدے پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ غزہ کی تعمیرِ نو اور بحالی کے اقدامات میں بھرپور تعاون کرے گی۔انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے دو ریاستی حل کی طرف پیش قدمی کریں تاکہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان پائیدار امن اور سلامتی قائم ہو سکے۔