دنیا کا مستقبل روس اور امریکہ کی باہمی سمجھ بوجھ پر منحصر ہے، روسی صدر کے نمائندے کا بیان

جمعرات 9 اکتوبر 2025 08:40

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) روسی صدر کے خصوصی نمائندے برائے بین الاقوامی اقتصادی تعاون اور روسی ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو، کیریل دمترییف نے کہا ہے کہ دنیا کا مستقبل اس بات پر منحصر ہے کہ روس اور امریکا ایک دوسرے کو کس حد تک سننے، سمجھنے اور عالمی مسائل کے حل کے لیے ساتھ کام کرنے کے قابل ہیں۔

تاس کے مطابق انہوں نے یہ بات امریکی کانگریس کی رکن آنا پاؤلینا لونا سے اکتوبر کے آخر میں ہونے والی متوقع ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔کیریل دمترییف نے اپنے بیان میں کہا کہ محترمہ کانگریس وومن لونا، امن اور مکالمے کے حق میں آپ کے جرات مندانہ مؤقف کا شکریہ۔ دنیا کا انحصار اس پر ہے کہ امریکا اور روس کس حد تک ایک دوسرے کو سن اور سمجھ سکتے ہیں، اور عالمی مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

میں ہماری ملاقات اور تعمیری گفتگو کا منتظر ہوں۔ایک روز قبل، ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والی فلوریڈا کی کانگریس وومن آنا پاؤلینا لونا نے تصدیق کی تھی کہ وہ رواں ماہ کے آخر میں روسی صدر کے نمائندے سے ملاقات کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ روس اور امریکہ کے درمیان دشمنی کی کوئی وجہ نہیں، اور باہمی تجارتی تعاون دونوں کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلے مکالمے کا سلسلہ برقرار رکھنا صرف امریکیوں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے ضروری ہے۔واضح رہے کہ کانگریس وومن لونا پہلے بھی روس اور امریکہ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دے چکی ہیں۔