مچل سٹارک 11 سال بعد بی بی ایل میں واپسی کو تیار، سڈنی سکسرز کی نمائندگی کریں گے

جمعرات 9 اکتوبر 2025 13:31

مچل سٹارک 11 سال بعد بی بی ایل میں واپسی کو تیار، سڈنی سکسرز کی نمائندگی ..
میلبورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر مچل سٹارک 11سال بعد ایک بار پھر بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 35 سالہ مچل سٹارک نے سڈنی سکسرز کے ساتھ آئندہ سیزن کے لیے معاہدہ کر لیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے زیر اہتمام بگ بیش لیگ 14 دسمبر 2025سے 25 جنوری 2026تک آسٹریلیا میں جاری رہے گا۔

مچل سٹارک نے آخری بار 2014 میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کی تھی اور اب وہ بی بی ایل کے 15ویں ایڈیشن میں ضمنی کھلاڑی کے طور پر شامل ہوں گے، جس میں کرکٹ آسٹریلیا سے معاہدہ شدہ کھلاڑی محدود دستیابی کے ساتھ ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔مچل سٹارک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں بی بی ایل 15 میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کے لئے پرجوش ہوں۔

(جاری ہے)

اس دہائی میں بھی میں کلب کے قریب رہا ہوں اور اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق رہا تو اس سیزن میں میدان میں واپسی کے لیے تیار ہوں۔

سڈنی سکسرز میرے دل کے قریب ہے اور مجھے بی بی ایل کے پہلے سیزن اور چیمپئنز لیگ کی کامیابی کی خوبصورت یادیں آج بھی تازہ ہیں۔مچل سٹارک بی بی ایل کے پہلے سیزن میں سڈنی سکسرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے پرتھ سکارچرز کے خلاف فائنل جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے، اور 2012 کی چیمپئنز لیگ میں بھی سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرتے ہوئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر رہے تھے۔

سڈنی سکسرز کی جنرل منیجر راچل ہینز نے کہا کہ مچل سٹارک کی واپسی ٹیم کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔نئے اور پرانے گیند سے مچل سٹارک کی سٹرائیک پاور بے مثال ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ ہمارے فائنل تک کے سفر میں اہم کردار ادا کریں گے۔مچل سٹارک کی حالیہ ٹی ٹونٹی ریٹائرمنٹ اور ایشیز سیریز کے بعد دستیابی سے ان کے لیے بی بی ایل کے دوسرے حصے میں کھیلنے کا موقع بن رہا ہے، بشرطیکہ وہ فٹ ہوں۔مداح سڈنی سکسرز کی شرٹ میں مچل سٹارک کو دوبارہ ایکشن میں دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔

متعلقہ عنوان :