تمیم اقبال کی بی سی بی کے حالیہ انتخابات سے دستبرداری نے کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچا دی

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:14

تمیم اقبال کی بی سی بی کے حالیہ انتخابات سے دستبرداری  نے کرکٹ حلقوں ..
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے حالیہ انتخابات میں تمیم اقبال کی غیر متوقع واپسی اور پھر اچانک کنارہ کشی نے کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 36سالہ تمیم اقبال نے انتخابی عمل میں حکومتی مداخلت کا الزام لگا کر باضابطہ طور پر الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کیا، جسے بی سی بی الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا۔

تمیم اقبال کی سیاسی بصیرت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، خاص طور پر اس وقت جب سپریم کورٹ کے فیصلے نے ان 15 کلبوں کو ووٹ کا حق دیا جنہیں پہلے انتخاب سے باہر کر دیا گیا تھا۔ مبصرین کے مطابق اگر تمیم اقبال نے تھوڑا صبر کیا ہوتا تو وہ ممکنہ طور پر کامیاب ہو سکتے تھے۔انتخابات میں حصہ لینے کے دوران ان کے ہمراہ کھڑے رہنے والے کچھ افراد بعد میں مخالف کیمپ میں شامل ہوگئے ، جس سے تمیم اقبال کی سیاسی ٹیم کی کمزوری بھی سامنے آئی۔

(جاری ہے)

بی این پی کے ایک رہنما کے بیٹے کی حمایت حاصل کرنے پر یہ تاثر بھی گہرا ہوا کہ تمیم کسی ایک سیاسی جماعت کے نمائندے بن گئے ہیں، جو ان کے کرکٹ پر مبنی امیج کو متاثر کر گیا۔اس کے برعکس عبدالرزاق اور خالد مشہود جیسے سابق کرکٹرز خاموشی سے بورڈ میں بطور ڈائریکٹر شامل ہو گئے جبکہ امین الاسلام نے ایک بار پھر حکومتی حمایت کے ذریعے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔تمیم اقبال نے اس تاثر کو رد کرتے ہوئے کہاکہ اگر میں اکیلا بھی الیکشن لڑتا، تو کامیاب ہوتا۔ مجھے صرف منصفانہ انتخاب کی امید تھی، نہ کہ کسی سیاسی مفاد کی۔اب دیکھنا یہ ہے کہ تمیم اقبال مستقبل میں کرکٹ سیاست میں کیا کردار ادا کرتے ہیں، لیکن فی الحال یہ کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے اہم موقع پر "بس" مس کر دی۔