جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر کویونا مافاکا ہمسٹرنگ انجری کے باعث نمیبیا اور پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:27

جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر کویونا مافاکا  ہمسٹرنگ انجری کے باعث نمیبیا ..
جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) جنوبی افریقا کے اُبھرتے ہوئے فاسٹ بولر کویونا مافاکا ہمسٹرنگ انجری کے باعث نمیبیا کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی میچ اور پاکستان کے دورے سے باہر ہوگئے ہیں۔کرکٹ ساؤتھ افریقا (سی ایس اے)کے مطابق 19 سالہ کویونا مافاکا کو حال ہی میں ڈومیسٹک چار روزہ میچ کے دوران انجری ہوئی تھی، جس کے بعد طبی معائنے میں گریڈ 1 تا 2 کی ہمسٹرنگ انجری کی تشخیص ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

وہ اب چار ہفتوں تک بحالی صحت کے عمل سے گزریں گے۔ان کی جگہ اوٹنیئل بارٹمین کو نمیبیا کے خلاف میچ کے لئے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو 11 اکتوبر کو شیڈول ہے۔ اوٹنیئل بارٹمین کو پاکستان کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے بھی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔مزید برآں، لِزاد ولیمز کو بھی ون ڈے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو پہلے ہی ٹی ٹونٹی ٹیم کا حصہ ہیں۔جنوبی افریقا کا دورۂ پاکستان 12 اکتوبر سے شروع ہو گا، جس میں دو ٹیسٹ، تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے میچز شامل ہیں ۔ یہ دورہ 8 نومبر کو مکمل ہو گا۔