گلین میکسویل کو کلائی کی کامیاب سرجری کے بعد بھارت کے خلاف ٹی20 سیریز کے آخری میچز کھیلنے کی امید

جمعرات 9 اکتوبر 2025 17:38

گلین میکسویل کو کلائی کی کامیاب سرجری کے بعد بھارت کے خلاف ٹی20 سیریز ..
میلبورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) آسٹریلیا کے تجربہ کار آل رائونڈر گلین میکسویل کو اپنے دائیں ہاتھ کی کلائی کی کامیاب سرجری کے بعد بھارت کے خلاف ٹی20 سیریز کے آخری تین میچز میں کھیلنے کی امید ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 36 سالہ گلین میکسویل کو یہ چوٹ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کی تیاری کے دوران نیٹ میں بالنگ کرتے ہوئے لگی تھی جس کے بعد ان کو فوری طور پر وطن واپس بھیجا گیا جہاں انہوں نے سرجری کرائی تاکہ چار ہفتے میں جلد صحت یابی کر سکیں اور بھارت کے خلاف سیریز میں شرکت کر سکیں۔

گلین میکسویل کو سیریز کے پہلے دو میچز کے لئے منتخب نہیں کیا گیا لیکن وہ تین نومبر سے ہوبارٹ میں شروع ہونے والے تیسرے میچ سے ٹیم میں واپس آنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے دیگر میچز 6 نومبر کو گولڈ کوسٹ اور 8 نومبر کو برسبین میں ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ سرجری کے بعد کلائی کی کاسٹ اتار دی گئی ہے اور اب وہ پلاسٹک سپلنٹ پہن کر کلائی کو محفوظ رکھیں گے جبکہ آہستہ آہستہ ورزش بھی شروع کر دی ہے تاکہ مضبوطی واپس حاصل ہو۔

گلین میکسویل نے کہا کہ سرجری نے مجھے بھارت کے خلاف سیریز میں کچھ حصہ لینے کی امید دی ہے۔ اگر میں صحتیاب ہوا تو میں ضرور ٹیم کے لئے کھیلوں گا۔آسٹریلوی آل رانڈر نے کہا کہ اب وہ نیٹ میں طاقتور بلے بازوں کو بالنگ کرنے سے گریز کریں گے تاکہ چوٹ کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔گلین میکسویل کو حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سراہا گیا تھا، جہاں انہوں نے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

وہ اب اپنی توجہ اگلے بی بی ایل سیزن پر مرکوز کیے ہوئے ہیں، جہاں میلبورن سٹارز کے لیے کھیلتے ہوئے وہ پہلی بار بی بی ایل کا ٹائٹل جیتنے کے خواہشمند ہیں۔گلین میکسویل کو 7 ٹیسٹ،149ون ڈے اور 124 ٹی ٹونٹی میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔