کرکٹ ویسٹ انڈیز کا بنگلہ دیش کے خلاف رواں ماہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے الگ الگ سکواڈ کا اعلان،اقیم آگستےپہلی بار ون ڈے سکواڈ میں شامل

جمعرات 9 اکتوبر 2025 13:31

کرکٹ ویسٹ انڈیز کا بنگلہ دیش کے خلاف رواں ماہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز ..
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) ویسٹ انڈیز نے نوجوان بلے باز اقیم آگستے کو بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز کے لئے پہلی بار قومی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق اقیم آگستے زخمی ایون لیوس کی جگہ سکواڈ کا حصہ بنے ہیں، ایون لیوس کلائی کی انجری کے باعث سیریز سے باہر کر دیا گیا ہے۔ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے اقیم آگستے کی شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اقیم آگستے کی سلیکشن اس بات کی عکاسی ہے کہ کرکٹ ویسٹ انڈیز ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر آگے لانے کے لئے ایک واضح راستہ مہیا کر رہا ہے۔

وہ ہمارے مستقبل کے اہم کھلاڑی ہیں ، اور انڈر-15 سے لے کر سینئر سطح تک ترقی کی عمدہ مثال ہیں ۔اقیم آگستے کے ساتھ ساتھ سپن بولر کاری پیئر کی بھی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، جو حال ہی میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ گُڈاکیش موتی اور روسٹن چیز کے ساتھ تیسرے سپنر کی حیثیت سے شامل ہیں۔اسی طرح نوجوان آل راؤنڈر الک اتھنازے بھی ایک سال بعد سکواڈ میں واپس آئے ہیں۔

ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے رامون سائمنڈز اور عامر جنگو کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ سائمنڈز نے حالیہ سی پی ایل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 13 وکٹیں حاصل کیں اور نیپال کے خلاف اپنے دوسرے ہی ٹی ٹونٹی میچ میں 15 رنز دے کر 4 کھلاڑی آؤٹ کئے تھے۔عامر جنگو کپتان شائی ہوپ کے لیے بیک اپ وکٹ کیپر کے طور پر سکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔سیریز سے پہلے ویسٹ انڈیز کے چند کھلاڑی، جن میں اقیم آگستے، موتی، کیسی کارٹی، شیر فین ردرفورڈ اور عامر جنگو شامل ہیں، چنائی سپر کنگز اکیڈمی میں تربیتی کیمپ میں حصہ لیں گے تاکہ وہاں کے حالات سے ہم آہنگی حاصل کی جا سکے۔

ڈائریکٹر آف کرکٹ مائلز باسکوم نے کہاکہ 2026 کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہمیں اپنے کھلاڑیوں کو برصغیر کی کنڈیشنز میں زیادہ سے زیادہ تجربہ دینا ہے۔ یہ کیمپ نہ صرف فٹنس بلکہ ٹیکنیکل تیاری کے لئے بھی اہم ہے۔دورہ بنگلہ دیش کے لئے ویسٹ انڈیز کے ون ڈے سکواڈ میں شائی ہوپ (کپتان)، ایلک اتھانازے، اکیم آگسٹے، جیڈیا بلیڈز، کیسی کارٹی، روسٹن چیس، جسٹن گریوز، عامر جنگو، شمر جوزف، برینڈن کنگ، گڈاکیش موتی، کھری پیئر، شیرفین ردرفورڈ، جیڈن سیلز اور روماریو شیفرڈ شامل ہیں ۔

اسی طرح دورہ بنگلہ دیش کے لئے ویسٹ انڈیز کا ٹی ٹونٹی سکواڈشائی ہوپ (کپتان)، ایلک اتھانازے، اکیم آگسٹے، روسٹن چیس، جیسن ہولڈر، اکیل ہوسین، عامر جنگو، شمر جوزف، برینڈن کنگ، گڈاکیش موتی، روومین پاول، شیرفین رودرفورڈ، جیڈن سیلز، روماریو شیفرڈ اور رامون سائمنڈز پر مشتمل ہے۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز18 اکتوبر کو پہلے میچ سے ہوگا جو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم،ڈھاکہ میں کھیلاجائے گا۔سیریز کے بقیہ میچز بالترتیب 21 اور 23 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔