غزہ امن منصوبہ خونریزی کو روکنے کے لیے بہترین آپشن ہے، روسی وزیرخارجہ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:08

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) روس نے غزہ میں امن منصوبے کی حمایت کر دی ہے، رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے تجویز کردہ غزہ میں امن کا منصوبہ فی الحال خونریزی کو روکنے کے لیے بہترین آپشن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ یہ تجویز مثالی نہیں ہے کیونکہ یہ غزہ پر توجہ تو مرکوز کرتی ہے لیکن بنیادی طور پر فلسطینی ریاست کے مسئلے کو پس پشت ڈالتی ہے، جو اصل تنازع ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حقیقت پسند ہونے کی وجہ سے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ اس وقت موجود سب سے بہتر آپشن ہے ، میرا خیال ہے کہ یہ منصوبہ ایک موزوں سمجھوتے کی طرح لگتا ہے جسے فریقین کی طرف سے قبول کیا جا سکتا ہے یا کم از کم یکسر مسترد نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ منصوبہ حقیقت پسندانہ ہے اگر فلسطینی اسے قبول کرلیں ۔انہوں نے کہا کہ ان کا ملک معاہدے کے لئے ترک، مصری، قطری، امریکی اور اسرائیلی مذاکرات کاروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس اس عمل میں کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے جس کی ضرورت ہو، انہوں نے مزید کہا کہ ماسکو ایک فلسطینی ریاست بنانے میں بھی مدد کر سکتا ہے، اب سب سے اہم چیز خونریزی کو روکنا ہے، اس لحاظ سے ٹرمپ کا منصوبہ امید دیتا ہے۔