یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام ریلیف کیمپ کا انعقاد،مظفر گڑھ کے سیلاب زدگان میں اشیائے ضروریہ تقسیم کی گئیں

جمعرات 9 اکتوبر 2025 16:39

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی خصوصی ہدایت پر یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام سیلاب زدگان کی امداد کے لئے مظفرگڑھ (موچی والی اور خان گڑھ) میں ریلیف کیمپ لگائے گئے،اس سلسلے میں یونیورسٹی کی ایک خصوصی ٹیم ڈائریکٹر سپورٹس مہر احمد ہرل کی سربراہی میں جنوبی پنجاب میں روانہ ہوئی جہاں پر ٹیم نے ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ عثمان طاہر جاپہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر غضنفر عباس شاہ سے ملاقات بھی کی۔

اس موقع پرریذیڈنٹ آفیسر ڈاکٹر فہیم ارشد، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن، ڈائریکٹر ریاض شاد ہم نصابی فورم اور ڈاکٹر منیر گجر بھی موجود تھے۔ ٹیم نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں سیلاب متاثرین کے لئے اساتذہ، افسران،طالب علموں اور جملہ ملازمین کی طرف سے جمع کی جانے والی 45لاکھ روپے کی رقم سے 760خاندانوں میں آٹا، گھی،چینی، چاول، پتی، دالیں،مصالحہ جات،صابن،نمک، سپرے ودیگر روز مرہ زندگی کی اشیاء تقسیم کیں۔

(جاری ہے)

ٹیم نے اس موقع پر متاثرہ خاندانوں کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان کا پیغام بھی دیا اور کہا کہ مصیبت اور دکھ کی گھڑی میں اپنے متاثرہ پاکستانی خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔امدادی اشیا ملنے پر سیلاب سے متاثرہ خاندانوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ گودھا یونیورسٹی نے ہمارے لئے جو ضروری اشیا تقسیم کی ہے اس سے نہ صرف ہماری گزر بسر میں آسانی ہو رہی ہے بلکہ ہمارے حوصلے بھی بلند ہوئے ہیں۔

مظفر گڑھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر سپورٹس مہر احمد خان ہرل نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی نے جذبہ حب الوطنی اور انسانیت کی خدمت کے لئے اپنے سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کے لئے پوری یونیورسٹی سے 45روپے اکٹھے کیے جس میں وائس چانسلر، پرووائس چانسلر، ڈینز، ڈایکٹرز،اساتذہ، طالب علموں اور جملہ ملازمین نے دل کھول کر عطیات دیے۔