ضلع میں جاری تمام ترقیاتی کاموں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے،پیر سید عمران احمد شاہ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 17:45

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ نے ضلعی افسران کو ہدایت کی ہے کہ ضلع میں جاری تمام ترقیاتی کاموں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے محنتی اور فرض شناس افسران ضلعی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور انہیں عوامی مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

وہ یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ارکانِ صوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک، پیر ولائت شاہ کھگہ، رانا ریاض احمد، سابق ایم این اے چوہدری محمد اشرف سمیت دیگر ضلعی و ڈویڑنل افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں امن و امان، جاری ترقیاتی منصوبوں، واسا، الیکٹرو بس سروس اور شہری مسائل کے حل سے متعلق اہم پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے بتایا کہ ساہیوال میں جاری پسماندہ علاقوں کی ترقی کے منصوبوں سے وقتی مشکلات ضرور ہیں تاہم ان کی تکمیل سے شہری طویل المدتی فوائد حاصل کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ واسا کو درکار مشینری فراہم کر دی گئی ہے جو شہر میں صفائی اور نکاسی آب کے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگی۔ ڈی پی او رانا طاہر الرحمٰن نے اجلاس کو امن و امان کی عمومی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حالیہ دورہ ساہیوال کے دوران پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے شاندار انتظامات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کریڈٹ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ڈی پی او رانا طاہر الرحمٰن اور تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو جاتا ہے جنہوں نے محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی نے شہری مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔ ایم پی اے محمد ارشد ملک نے غلہ منڈی، ڈسپنسری روڈ، عنایت الٰہی کالونی اور 90/9-ایل کے سیوریج مسائل کے فوری حل، دربار محمد پناہ کمیر میں مسجد کی جگہ واگزار کروانے اور ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز کی تعداد بڑھانے کی سفارش کی۔ اجلاس کے دوران الیکٹرو بس سروس کے دائرہ کار کو بڑھانے کی تجاویز بھی دی گئیں جن میں فرید ٹاؤن سے بگڑی پل، پاکپتن روڈ پر جہاں خان اور بنگہ حیات روڈ پر 47/5 ایل شامل ہیں۔

وفاقی وزیر پیر عمران احمد شاہ نے دیپالپور بازار میں سیوریج اور ٹف ٹائل منصوبے کو جلد مکمل کرنے، واپڈا کمپلینٹ سینٹر کے قیام میں تیزی لانے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری 77 اسکیموں میں سے تکمیل کے قریب منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔